ملک دشمن قوتیں بلوچستان میں بدامنی کی سازش کررہی ہیں، جام کمال

  • July 15, 2020, 10:18 pm
  • National News
  • 159 Views

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا ہے کہ ملک دشمن قوتیں بلوچستان میں بدامنی پیدا کرنے کی سازش کر رہی ہیں لیکن دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے پنجگور کے علاقے وادی گچک کے قریب سیکیورٹی فورس کی پٹرولنگ پارٹی پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی میں 3 سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت اور 8 اہل کاروں کے زخمی ہونے پر دلی رنج وغم کا اظہار کیا۔

ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورس کے جوانوں نے ملک کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور شہداء کی لازوال قربانیاں قوم کے لیے باعث فخر ہیں، یہی وجہ ہے کہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔

وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ملک دشمن قوتیں اور اُن کے آلہ کار ایک مرتبہ پھر بلوچستان میں بدامنی پیدا کرنے کی سازش کر رہے ہیں تاہم دہشت گرد عناصر کی ملک کے خلاف سازشوں اور مزموم عزائم کو ناکام بنا دیا جائے گا۔