لاہور، جعلی بینک اکاؤنٹ کھول کر کروڑوں روپے کا فراڈ کرنے والے ملزمان گرفتار

  • July 15, 2020, 10:07 pm
  • National News
  • 101 Views

لاہور: اینٹی کرپشن ساہیوال نے جعلی بینک اکاؤنٹ کھول کر کروڑوں روپے کا فراڈ کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اینٹی کرپشن ساہیوال نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے جعلی بینک اکاؤنٹ کھول کر کروڑوں روپے کا فراڈ کرنے والے ہائی ویز ڈیپارٹمنٹ کے سابق اہلکاروں کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق گرفتار ملزمان میں سابق ایکس ای این حبیب انور، سابق ایس ڈی او فہد مظہر شامل ہیں۔

اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ کرپشن ثابت ہونے پر ساہیوال میں نجی بینک کے آپریشن منیجر جمیل احمد کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزمان نے مرکزی ملزم محمد خالد سے مل کر کرپشن کی۔

ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق ملزمان نے محکمہ تعلقات عامہ کے نام سے جعلی بینک اکاؤنٹ کھول رکھا تھا، اینٹی کرپشن انکوائری میں 2 کروڑ 13 لاکھ روپے کی کرپشن ثابت ہوئی، گزشتہ سال درج مقدمے میں ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

واضح رہے کہ رواں ماہ اینٹی کرپشن پنجاب نے 1 ماہ میں 10 کروڑ 39 لاکھ روپے کی کیش ریکوری کی تھی، ایک ماہ میں 4 ہزار 856 کنال اور 16 مرلے سرکاری اراضی واگزار کروائی۔ واگزار کروائی گئی زمین کی مالیت 3 ارب 36 کروڑ 3 لاکھ 60 ہزار روپے ہے۔

اینٹی کرپشن حکام کا کہنا تھا کہ 1 ماہ میں رپورٹ کرپشن ایپ پر 523 شکایات موصول ہوئیں، 315 شکایات کا فوری ازالہ کردیا گیا جبکہ دیگر پر ضروری کارروائی جاری ہے۔