دیامیربھاشا ڈیم کی تعمیرشروع ہونے کے بعد دیامیر میں سکیورٹی خطرات بڑھ گئے

  • July 15, 2020, 10:05 pm
  • Featured
  • 242 Views

دیامیربھاشا ڈیم کی تعیمرشروع ہونے کے بعد دیامیر میں سیکورٹی خطرات بڑھ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق 442 ارب روپے کی لاگت سے بننے والے ڈیم کی وجہ سے سیکیورٹی خطرات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ اس حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ضلع دیا میر میں دسمبر 2020تک پاک فوج کے 120دستے تعینات کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے منظوری حاصل کی گئی ہے جس کے بعد پاک فوج کے 120 دستے تعینات کر دیئے جائیں گے۔ خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی آج دیا میر بھاشا ڈیم کا دورہ کیا ہے جس میں ان کے ہمراہ آرمی چیف بھی موجود تھے۔ عمران خان کے دورے کے بعد سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے فوجی دستے تعینات کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
دوسری جانب چیئرمین سی پیک لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ دیامر بھاشا میگا پراجیکٹ نے ایک اور تاریخی سنگ میل طے کرلیا ہے۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان آج دیامر بھاشا ڈیم منصوبے پر کام کا آغاز کرائیں گے۔دیامربھاشا میگا پروجیکٹ نے ایک اور تاریخی سنگ میل طے کر لیا ہے۔
ڈیم میں 6.4 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی۔جبکہ زرعی مقاصد کے لیے مزید 1.2 ملین ایکڑ پانی دستیاب ہوگا۔دیامر ڈیم سے 4500 میگاواٹ سستی بجلی پیدا ہوگی۔عاصم سلیم باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ منصوبے سے 16 ہزار افراد کو روزگار میسر آئیں گے اور ہائیڈرل پاور سے سمیت سٹیل، سیمنٹ اور تعمیراتی شعبے ترقی کریں گے۔ خیال رہے کہ دریائے سندھ پر تعمیر ہونے والا یہ ڈیم دنیا کا سب سے بڑا آر سی سی ہو گا جو 81 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کے کام آئے گا اورڈیم سے ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 48 دن ہو جائے گی‘دیامر بھاشا ڈیم سے سالانہ 18 ارب 10 کروڑ یونٹس سستی ترین بجلی بھی میسر آئے گی اور یہ ڈیم 30 لاکھ ایکڑ رقبے کو سیراب کرنے کے لیے پانی فراہم کرے گا. دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ اپنی تعمیر کے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور گزشتہ ایک سال کے دوران مہمند اور دیامر بھاشا پر کام شروع کیا جا چکا ہے‘دیامر بھاشا ڈیم ملک کی واٹر، فوڈ اور انرجی سیکیورٹی کے لیے اہم منصوبہ ہے اور یہ منصوبہ 29-2028 میں مکمل ہو گا. دیامر بھاشا ڈیم کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ساڑھے 4 ہزار میگاواٹ ہے اور یہ منصوبہ نیشنل گرڈ کو ہر سال 18 ارب یونٹ پن بجلی فراہم کرے گا‘ڈیم کی تعمیر سے ملک کی صنعتی سیکٹر کو سستی بجلی فراہم ہو گی تو 16 ہزار سے زائد ملازمتیں بھی ملیں گی اور ڈیم کی تعمیر مقامی افراد کے حالات میں بہتری لائے گی منصوبہ کوہستان اور گلگلت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کا بھی باعث بنے گا