حکومت کا زرمبادلہ بچانے کے لیے غیر ملکی سیٹلائٹ کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ

  • July 15, 2020, 10:02 pm
  • Science & Technology News
  • 108 Views

حکومت غیر ملکی زرمبادلہ کی روانی سے بچنے کے لیے مقامی صارفین کے ذریعے پاکستانی سیٹلائٹ کی پوری صلاحیت کے استعمال کو یقینی بنانے کے لیے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پیز) اپناتے ہوئے غیر ملکی سیٹلائٹ کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے.
نئی پالیسی ہدایات اور ایس او پیز طے شدہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس کے ایجنڈے میں ہیں باخبر ذرائع نے بتایا کہ ایس او پیز کے بارے میں کچھ اہم اسٹیک ہولڈرز کے تحفظات کے اظہار کے سبب ای سی سی کے ممبران کو بھیجی گئی سمری واپس لی جاسکتی ہے وزیر اعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی صدارت میں ای سی سی کو نو نکاتی ایجنڈے پر بحث کرے گا جس میں گیس فیلڈز کے 5 کلومیٹر کے دائرے میں علاقوں کو قدرتی گیس کی فراہمی اور پورٹ قاسم پر صنعتی زون کی مختلف سہولیات کے لیے سمندری امور کی وزارت کی سمریز کی فہرست شامل ہے.

باخبر ذرائع نے بتایا کہ 2004 میں اس وقت کے وزیر اعظم نے سیٹلائٹ لانچ کرنے کے فوری بعد پاکستانی سیٹلائٹ کی سہولیات کے زیادہ سے زیادہ استعمال کی ہدایت جاری کی تھی وزیر اعظم آفس کی جانب سے اس وقت جاری کردہ ”پاک سیٹ پروگرام - وے فارورڈ“ کے تحت نفاذ کے لیے پیرامیٹرز اور معاہدوں کا جائزہ لیا گیا ہے جس میں انتظامی، مالی اور ریگولیٹری پہلو بھی شامل ہیں جن کو پالیسی کے فریم ورک میں نافذ کرنے کی ضرورت ہے.
اسٹریٹجک پلانز ڈویژن (ایس پی ڈی) نے مارچ 2019 میں وزیر اعظم کو ایک سمری میں نیشنل اسپیس پروگرام کی پائیداری سے متعلق ریگولیٹری اور مالی پہلوﺅں میں توجہ دینے کی کوشش کی ، جو خلا کے میدان میں ہونے والی پیشرفتوں کا جائزہ لینے والا ایک مکمل پروگرام ہے اور اس کے اسٹریٹجک پروگرام کے ساتھ براہ راست روابط ہیں‘وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام نے ای سی سی کو مطلع کیا ہے کہ 2004 سے قومی خلائی اثاثوں کے استعمال سے تقریبا 54 کروڑ 40 لاکھ (85 ارب روپے) کی آمدنی ہوئی ہے تاہم پاک سیٹ سیٹلائٹ خدمات کی موثر توسیع کے ذریعہ 2030 تک اس سے تقریبا60 سے 70 کروڑ ڈالر پیدا کیا جاسکتا ہے.
ای سی سی کو سمری میں بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم کی سربراہی میں نیشنل کمانڈ اتھارٹی (این سی اے) نے پہلے ہی قومی خلائی پروگرام کی منظوری دے رکھی ہے خلائی پروگرام کی پوری عمارت غیر ملکی اور ملکی مالی اعانت پر انحصار کو کم کرنے پر مبنی ہے اسی طرح پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کی جانب سے فراہم کی جانے والی آمدنی سے حاصل ہونے والی سیٹلائٹ خدمات کو مکمل طور پر استعمال کرنے کی ضرورت ہے اور یہ فی الحال بنیادی طور پر مقامی سطح پر غیر منظم شدہ سیٹلائٹ مارکیٹ کی وجہ سے نہیں ہو پارہا ہے.
اس میں کہا گیا کہ پاکستان میں اس وقت سیٹیلائٹ کی گنجائش کا استعمال تقریبا 2200 میگا ہرٹز ہے جس میں سے 21 فیصد پاکستانی سیٹلائٹ اور باقی غیر ملکی سیٹلائٹ پر ہے مالی لحاظ سے سالانہ کم از کم 3 کروڑ 50 لاکھ سے 4 کروڑ ڈالر ملک سے باہر جارہے ہیں اور قواعد و ضوابط کی عدم موجودگی میں پاکستان کے سیٹلائٹ استعمال کرنے والوں کا پہلے سے طے شدہ قیمت 2 کروڑ 24 لاکھ 80 ہزار ڈالر ہے.
سمری میں وضاحت کی گئی ہے کہ خطے کے ممالک جیسے بھارت، چین اور بنگلہ دیش میں غیر ملکی سیٹلائٹ نظاموں کے استعمال پر پابندی عائد ہے اور اس طرح وہ اپنے خلائی پروگراموں کو باقاعدہ مالی تحفظ دیتے ہیں وزیر اعظم نے انفارمیشن ٹکنالوجی اور ٹیلی کمیونکیشن کے وزیر کی سربراہی میں ایک بین الوزارتی کمیٹی تشکیل دی جو سفارشات کے ساتھ ایک فریم ورک تیار کرے گی کمیٹی نے معاملے کا جائزہ لینے کے بعد قومی اور مالی مفاد میں پاکستان میں سیٹلائٹ خدمات کے لیے سپارکو اور پاک سیٹ انٹرنیشنل کے ذریعہ تعینات قومی خلائی اثاثوں کے زیادہ سے زیادہ استعمال کے لیے پالیسی اقدامات اپنانے کی سفارش کی.
وزیر اعظم نے کمیٹی کی سفارشات کا جائزہ لینے کے بعدوزیر کو ہدایت کی کہ وہ ایس پی ڈی، پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے پالیسی کے اختیارات تیار کرے اور واضح سفارشات اور ایس او پیز کو تجویز کرے وزیر نے رپورٹ کیا کہ کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر پاکستان میں سیٹلائٹ خدمات کی فراہمی کے لیے پالیسی ہدایت کے ایک مسودے میں 2030 تک قومی خلائی پروگرام کے لیے 60 سے 70 کروڑ ڈالر کی رقم جمع کرنے کا امکان ہے‘اس کے علاوہ مقامی سطح پر ترقی سے بالواسطہ فوائد حاصل کرنے کے علاوہ پالیسی ہدایت سے متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنز کو متعلقہ حکومتی قوانین کے مطابق ان سے متعلق اقدامات پر کارروائی کرنے کا اہل بنائے گا.