کراچی، سی ٹی ڈی کی کارروائی، متعدد افراد کے قتل میں ملوث 4 ملزمان گرفتار

  • July 10, 2020, 2:03 am
  • Breaking News
  • 222 Views

کراچی: شہر قائد میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کے قتل میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے 4 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا، گرفتار چاروں ٹارگٹ کلرز کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے۔

انچارج سی ٹی ڈی علی رضا کے مطابق گرفتار ٹارگٹ کلرز دیگر سنگین وارداتوں میں بھی ملوث ہیں، گرفتار ٹارگٹ کلرز کے نام فرحان، مظہر، عاطف اور فرخ ہیں۔

انچارج سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ فرحان علی یونٹ 99 کھوکھراپار کا سرگرم کارکن ہے، فرحان علی حیدر نے 5 افراد کی ٹارگٹ کلنگ کا اعتراف کیا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزم فرحان اسلحے کی غیرقانونی ترسیل اور دیگر جرائم میں بھی ملوث ہے، ملزم مظہر یونٹ یونٹ 99 کا انچارج اور ٹارگٹ کلنگ کی سرپرستی کرتا تھا، ملزم عاطف، فرخ اسلحے کی ترسیل اور دیگر جرائم میں ملوث ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل سندھ پولیس نے شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر بلاک 13 میں قتل ہونے والی کینڈین خاتون کے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن کے کارندوں کو گرفتار کرلیا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان نے اعتراف کیا کہ انہوں نے ڈکیتی کے دوران فائرنگ کی جس کے نتیجے میں خاتون جاں بحق ہوگئی تھیں۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر عائشہ شادی میں شرکت کرنے کے لیے کینیڈا سے کراچی پہنچی تھیں۔