وزیراعظم نے 40 دن کی ریکارڈ مدت میں تیار ہونے والے جدید اسپتال کا افتتاح کردیا

  • July 9, 2020, 2:45 pm
  • Breaking News
  • 178 Views

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے آئسولیشن اسپتال اوروبائی امراض کے جدید اسپتال کا افتتاح کردیا، اسپتال40 دن کی ریکارڈ مدت میں تعمیر کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں آئسولیشن اسپتال اوروبائی امراض کے جدید اسپتال کا افتتاح کردیا ، افتتاح کے موقع پرآرمی چیف جنرل قم جاوید باجوہ، چینی سفیر ، وزیراطلاعات شبلی فراز اور وزیرمنصوبہ بندی اسدعمر اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

خصوصی اسپتال250بیڈز پرمشتمل ہے، این ڈی ایم اے نے کورونا سے نمٹنےکے لئے اسپتال 40 دن کی ریکارڈ مدت میں تعمیر کیا ہے، اسپتال کی تعمیر سے وفاقی دارالحکومت کے اسپتالوں میں مریضوں کا دباؤ کم ہوگا۔

وزیراعظم کوچیئرمین این ڈی ایم اے نے آئسولیشن اسپتال سے متعلق بریفنگ دی، وزیراعظم نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے قائم کردہ آئسولیشن سینٹر کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا اور کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے آئسولیشن سینٹر کے قیام کو سراہا۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیر اعظم کو کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے درکار ضروری طبی آلات و دیگر ضروری سامان کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے انتظامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

یاد رہے چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول آپریشن سینٹر کا دورہ کیا تھا ، وزیراعظم نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے مثبت اثرات کو سراہتے ہوئے ایس اوپیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے جن مشکل حالات میں کام کیا قوم کو اس پر فخر ہے۔