اسلام آباد ہائی کورٹ میں مندر کی تعمیر کے خلاف درخواستیں ناقابل سماعت قرار

  • July 9, 2020, 2:38 pm
  • National News
  • 123 Views

اسلام آباد ہائی کورٹ میں مندر کی تعمیر کے خلاف درخواستیں ناقابل سماعت قرار دے دی ہیں۔ سماعت کرتے ہوئے جسٹس عامر فاروق کی جانب سے ریمارکس دیئے گئے ہیں کہ ہم نے درخواستوں کو خارج کیا کیونکہ معاملہ اسلامی نظریاتی کونسل میں ہے، سی ڈی اے کو فیصلہ کرنے دیں، وہاں سے رپورٹ آنے دیں، ان کا کہنا تھا کہ کیا پتہ کہ سی ڈی اے خود ہی اس پلاٹ کو واپس لے لے، اس لئے ہمیں سی ڈی کو فیصلہ کرنے کے لئے وقت دینا چاہیئے۔
خیال رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کے حوالے سے کئی درخواستیں سنائی گئی تھیں جس کے بعد ان تمام درخواستوں پرپہلے فیصلہ محفوظ کر لیا گیا تھا لیکن بعد میں پرسوں فیصلہ سنا دیا گیا تھا۔ پرسوں فیصلہ سناتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ عدالت کے سامنے اس معاملے میں مداخلت کی کوئی بنیاد موجود نہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواستوں کو غیر موثر قرار دے کر نمٹا دیا تھا۔
تا ہم عدالت کی جانب سے کہا گیا تھا کہ سی ڈی اے لے آؤٹ پلان کےتحت سیکٹرز اورسب سیکٹرزمیں پلاٹس مختص کرتا ہے۔ لیکن سی ڈی اےنے ابھی تک بلڈنگ پلان کی منظوری بھی نہیں دی۔ سی ڈی اے کے قواعد وضوابط کے بغیر تعمیر نہیں ہوسکتی۔ جبکہ حکومت نے مندر کی تعمیر کیلئے فنڈز جاری ہی نہیں کیے۔ وفاق کے مطابق مندر کی تعمیر پر خرچ کا معاملہ اسلامی نظریاتی کونسل کو بھجوایا گیا ہے۔
واضح رہے عدالت نے گزشتہ روز 2 درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ آج دورانِ سماعت وفاق کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل خالد محمود راجہ عدالت میں پیش ہوئے۔ تا ہم آج اسلام آباد ہائیکورٹ نے مندر کی تعمیر کے خلاف درخواستیں ناقابل سماعت قرار دے دی ہیں جس کے بعد اس معاملے پر مزید سماعت نہیں کی جائے گی۔ عدالت کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ہم نے درخواستوں کو خارج کیا کیونکہ معاملہ اسلامی نظریاتی کونسل میں ہے، سی ڈی اے کو فیصلہ کرنے دیں، وہاں سے رپورٹ آنے دیں۔