پنجاب میں اگست یا ستمبر کے مہینے میں اسکول کھلنے کا امکان

  • July 7, 2020, 2:11 pm
  • Education News
  • 217 Views

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ سکول کھولنے کے حوالے سے لائحہ عمل بنا رہے ہیں۔ایس او پیز بنا رہے ہیں۔ اگست یا ستمبر کے مہینے میں اسکول کھول سکتے ہیں۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ دو ہفتے کے لاک ڈاؤن سے لاہور کے کیسز میں کمی آئی ہے۔جبکہ کورونا سے مریضوں کی صحت یاب ہونے کی تعداد بڑھ گئی ہے۔
جن علاقوں میں کیسز کی تعداد زیادہ ہوئی ہے،وہاں دوبارہ لاک ڈاؤن ہو گا۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کی تجویز کے مطابق کورونا کے نیگیٹو ٹیسٹ کرنا بند کر دیے ہیں۔ابھی پلازمہ تھراپی کے ٹرائل جاری ہیں۔جن پر یہ استعمال ہوا ہے اس کے رزلٹ ایک ہفتے میں آئیں گے۔تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ اسکول کھولنے کے حوالے سے لائحہ عمل بنا رہے ہیں۔
ایس او پیز بنانے کے بعد اگست یا ستمبر کے مہینے میں اسکول کھول سکتے ہیں۔وزیر صحت پنجاب نے مزید کہا کہ شہری عید کے دنوں میں حفاظتی تدابیر کا خیال رکھیں۔اگر عید کے دنوں میں بے احتیاطی ہوئی تو کیسے بڑھا سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ 2 روز سے خبریں زیر گردش ہیں کہ پنجاب میں تعلیمی ادارے 15 اگست سے کھول دیے جانے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے وزیر تعلیم پنجاب مراد راس سے منسوب ایک بیان سوشل میڈیا پر گردش کرتا رہا۔
تاہم اس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرتی خبریں درست نہیں ہیں۔ اس حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ یا اعلان نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ میرا گزشتہ بیان یہ تھا کہ کرونا کے باعث بننے والے صورت حال پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ اسی صورت میں اسکولوں کو 15 اگست سے سخت ترین ایس او پیز کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے، تاہم ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ہمیں بچوں اور ٹیچرز کی زندگی عزیز ہے۔ تعلیمی اداروں کو کھولنے کا حتمی فیصلہ کرونا وائرس کے بعد بننے والی صورت حال دیکھ کر اور وفاق کو کرنا ہے۔