گوادر میں سی پیک کے تمام منصوبے بروقت مکمل ہوں گے، عاصم باجوہ

  • July 4, 2020, 8:25 pm
  • National News
  • 148 Views

اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات اور چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور(سی پیک) اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ گوادر میں سی پیک کے تمام منصوبے بروقت مکمل ہوں گے۔

اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق گوادر میں منصوبوں کے آغاز اور بروقت تکمیل کے لیے یکسو ہیں۔ 23 کروڑ ڈالر کی لاگت سے مکمل ہونے والا ہوائی اڈہ گوادر شہر اور بندرگاہ کی تعمیر و ترقی میں انتہائی اہم کردار ادا کرے گا۔ معاون خصوصی نے گوادر ایئرپورٹ کے تعمیراتی کام کی تصاویر بھی ٹوئٹ کیں۔



معاون خصوصی نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں بتایا کہ گزشتہ روز وزیر اعظم کو سی پیک کے منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی گئی جس میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ تمام منصوبوں کی تکیمل تیزی کے ساتھ ہونی چاہیے اور اس کے ثمرات پاکستانی عوام تک پہنچنے چاہییں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پاک چین کی سیسہ پلائی ہوئی دیوار جیسی دوستی کا عکاس ہے اور مستقبل میں ہمارے بھائی چارے اور دوستی کا ضامن بھی ہے۔ وزیر اعظم نے سی پیک اتھارٹی کی کارکردگی کو سراہا۔