کورونا میں مبتلا شاہ محمود قریشی کو ملٹری اسپتال راولپنڈی منتقل کر دیا گیا

  • July 4, 2020, 8:19 pm
  • COVID-19
  • 151 Views

کورونا وائرس کا شکار وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو گھر سے ملٹری اسپتال راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔گزشتہ روز شاہ محمود قریشی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی انہوں نے بتایا تھا کہ گھر میں ہی خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی کو ملٹری ہسپتال راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کورونا ٹیسٹ گذشتہ روز مثبت آیا۔ انہوں نے کہا کہ آج دوپہر بخار تھا، جس کے باعث خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے، گھر سے ہی اپنے فرائض سرانجام دوں گا۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج دوپہر بخار تھا،لیکن بعد میں ٹیسٹ کروایا جو کہ مثبت آیا ہے۔
جس کے باعث خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کے کرم وفضل سے میں خود کو ابھی بھی مضبوط اور توانا محسوس کررہا ہوں۔ جلد صحت یابی کیلئے میں عوام سے دعاوٴں کی اپیل کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اب اپنی وزارت کے تمام فرائض گھر سے ہی سرانجام دیں گے۔ دوسری جانب وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے آج مصروف ترین دن گزارا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حادی سلیمان پور سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
بات چیت کے دوران اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ اور تنظیم کے طے شدہ اہداف کے حصول میں درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اقتصادی تعاون تنظیم کے بانی رکن ملک ہونے کی حیثیت سے ہمیشہ کوشاں رہا کہ یہ تنظیم خطہ میں اقتصادی تعاون کا مضبوط اور مستحکم مرکز بن کر سامنے آئے۔
وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل اقتصادی تعاون تنظیم کو باور کرایا کہ پاکستان اقتصادی تعاون تنظیم کے وژن 2025ء کی روشنی میں ممبر ممالک کے مابین علاقائی، تجارتی و اقتصادی روابط کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل ای سی او کو کورونا وائرس کی وباء کے معاشی مضمرات سے نمٹنے اور ترقی پذیر ممالک کی کمزور معیشتوں کو سہارا دینے کیلئے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے عالمی سطح پر دی گئی ’’ڈیٹ ریلیف‘‘ تجویز کے خدوخال سے آگاہ کیا اور اس ضمن میں مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔