رحیم یار خان میں شالیمار ایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم ہوگیا

  • July 4, 2020, 8:18 pm
  • Breaking News
  • 161 Views

رحیم یار خان میں شالیمار ایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم ہوگیا،جٹھہ بھٹہ اسٹیشن پرٹرینوں میں حادثہ آٹومیٹک کانٹا چینج ہونے کے باعث پیش آیا، شالیمار ایکسپریس کراچی سے لاہور جا رہی تھی۔ تفصیلات کے مطابق رحیم یار خان میں خان پور کے علاقے جٹھہ بھٹہ اسٹیشن پر ٹرینوں میں حادثہ پیش آیا ہے۔
27 شالیمار ایکسپریس اور ڈاؤن سائیڈ کی مال گاڑی آپس میں ٹکرا گئیں۔ شالیمار ایکسپریس کراچی سے لاہور جا رہی تھی۔ لیکن آٹو میٹک کانٹا چینج ہونے کے باعث دونوں ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ ٹرین حادثے کے باعث دونوں سائیڈ کی ٹریفک کو معطل کردیا گیا۔ ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ ٹرین حادثے میں تمام مسافر محفوظ رہے، ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور معمولی زخمی ہوئے۔
حادثے کے باعث اپ اینڈ ڈاؤن ٹریک بلاک ہوگیا ہے۔حادثے میں مال گاڑی کی دو کوچز اور شالیمار انجن کی فرنٹ ٹرالی ڈی ریل ہوئی۔سمہ سٹہ اور روہڑی سے ریلیف ٹرین جائے حادثہ کی طرف روانہ کردی گئی ہے۔ واضح رہے فاروق آباد جاتری روڑ پر واقع پھاٹک پر کوسٹر بس ٹرین کے ساتھ ٹکرا گئی تھی، حادثے میں سکھ فیملی کے 22 افراد ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
پشاور کی سکھ فیملی ننکانہ صاحب فوتگی پر آئے ہوئے تھے کہ ننکانہ صاحب سے واپس پشاور جاتے ہوئے سچا سودا گردوارہ کے پاس کوسٹر بس ڈرائیور نے پھاٹک سے پیچھے کچے راستے سے بس گزارنے کی کوشش کی۔ جس سے فیصل آباد سے لاہور کی طرف جانے والی نان سٹاپ ٹرین کے ساتھ ٹکرا گئی جسسے کوسٹر میں سوار سکھ فیملی کے 22 افراد چل بسے۔ دوسری جانب شیخوپورہ میں ٹرین حادثے میں ہلاک سکھ خاندان کے 22 افراد کی آخری رسومات نوشہرہ کے علاقہ خیر آباد میں ادا کردی گئی ہیں۔ شمشان گھا ٹ میں تمام ہلاک افراد کی آخری رسومات ادا کردی گئی ہیں۔ آخری رسومات میں سکھ برادری کی کثیر تعداد سمیت 3 اقلیتی ارکان اسمبلی بھی شریک تھے۔