شوہر چلتی ٹرین پر بیوی کو طلاق دے کر تین بچوں کے ساتھ چھوڑ گیا

  • July 4, 2020, 8:18 pm
  • National News
  • 224 Views

شوہر چلتی ٹرین پر بیوی کو طلاق دے کر تین بچوں کے ساتھ چھوڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے صارم برنی ٹرسٹ کے مالک صارم برنی نے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ میاں بیوی اپنے بچوں کے ہمراہ گجرانوالہ سے کراچی جا رہے تھے، راستہ میں شوہر نے بیوی کو طلاق کے کاغذات دیئے اور وہاں سے چلا گیا، بیوی رکشہ والے کی مدد لے کر ہمارے پاس آئی۔
بات کرتے ہوئے خاتون نے بتایا ہے کہ ہم سفر کر رہے تھے، روہری ریلوے اسٹیشن پر ٹرین رکی تو میرے شوہر نے مجھے کاغذات پکڑائے اور کہا کہ وہ تھوڑی دیر میں آرہے ہیں، لیکن وہ واپس نہ آئے، تھوڑی دیر بعد ٹرین پر موجود لوگوں نے مجھے کاغذات پڑھ کر بتایا کہ آپ کا شوہر آپ کو طلاق دے گیا ہے۔



خاتون نے بتایا ہے کہ وہ کراچی کے کینٹ پولیس اسٹیشن پر اتری جہاں ایک رکشہ ڈرائیور نے اس کی مدد کی اور صارم برنی ٹرسٹ پہنچایا۔
خاتون نے مزید انکشاف کیا ہے کہ اس کا شوہر اس کو مارتا تھا، متعدد بار تشدد کا نشانہ بنا چکا ہے جبکہ مجھے بار بار قتل کی دھمکیاں بھی دیتا رہا ہے۔ خاتون نے بتایا ہے کہ میرا شوہر بچوں پر بھی بہت زیادہ تشدد کرتا تھا۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے صارم برنی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بچوں کے جسموں پر بھی چوٹوں کے مختلف نشانات موجود ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کا والد ان پر تشدد کرتا تھا۔
خیال رہے کہ پاکستان میں یہ اس نوعیت کا پہلا واقع ہے جہاں شوہر نے اس طرح ظالمانہ طریقے سے تشدد کر کے اپنی بیوی اور بچوں کوچھوڑ دیا ہے۔ واضح رہے کہ صارم برنی ٹرسٹ کراچی میں ایسے بے شمار لوگوں کی کفالت کرتا ہے جن کے سر پر کسی کا سایہ نہیں ہوتا۔ اس سے قبل بھی کئی ایسے واقعات سامنے آئے ہیں جہاں صارم برنی نے بے سہارا لوگوں کو چھت فراہم کی ہے۔ تا ہم اس واقعے میں بھی متاثرہ خاتون کو صارم برنی نے سپورٹ فراہم کی ہے۔