پاکستان میں کورونا کے مریضوں میں کمی آنی شروع ہوگئی

  • July 2, 2020, 1:11 pm
  • COVID-19
  • 113 Views

دنیا بھر میں ایک کروڑ سے زائد لوگوں کو متاثر اور 5 لاکھ سے زائد اموات کا سبب بننے والے مہلک کورونا وائرس کے پاکستان میں بھی کیسز سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک مجموعی طور پر 2 لاکھ 17 ہزار 809 ہوگئی جبکہ 4 ہزار 473 لوگ انتقال کرچکے ہیں. آج 2 جولائی کی صبح تک ملک میں مزید 1712 نئے کیسز اور 27 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 3892 لوگ شفایاب ہوگئے ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد اگرچہ گزشتہ چند دنوں میں کچھ حد تک کم ہوئی ہے تاہم اب بھی یومیہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ متاثر ہورہے ہیں جبکہ اموات بھی درجنوں میں ہورہی ہیں.
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور اس وقت ملک کا سب سے زیادہ متاثر حصہ شہر قائد ہی ہے‘مجموعی صورتحال کی بات کی جائے تو 4 ماہ سے زائد عرصے کے دوران کیسز کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہوا اور مارچ اور اپریل کے مقابلے میں مئی اور جون میں کیسز کی تعداد کافی زیادہ رہی. پہلے کیس سے لیکر مارچ کے آخر تک ملک میں کیسز لگ بھگ 2 ہزار اور اموات 26 تھیں جو اپریل میں بڑھ کر 385 ہوگئیں جبکہ کیسز ساڑھے 16 ہزار سے بڑھ گئے تاہم مئی میں صورتحال کافی تبدیل ہوئی اور کیسز بڑھ کر 71 ہزار اور اموات 1500 سے بڑھ گئیں، جس کے بعد جون میں کیسز میں ریکارڈ اضافہ ہوا اور تعداد 2 لاکھ 12 ہزار اور اموات 4300 سے تجاوز کرگئیں.
آج 2 جولائی کو پاکستان میں مزید کیسز اور اموات کا اضافہ دیکھنے میں آیا ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس نے مزید ایک ہزار 478 افراد کو اپنا شکار کیا جبکہ 22 افراد لقمہ اجل بنے سرکاری اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں ایک ہزار 478 افراد متاثر ہوئے جس سے مجموعی تعداد 77 ہزار 740 ہوگئی اس کے علاوہ مزید 22 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس سے یہ تعداد 1684 تک پہنچ گئی.
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس نے مزید 170 افراد کو متاثر کیا جبکہ ایک فرد وہاں انتقال کرگیا اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں مزید 170 افراد کے متاثر ہونے سے کیسز کی مجموعی تعداد 13 ہزار 82 تک پہنچ گئی اسی طرح ایک فرد کے انتقال کرنے سے مجموعی اموات 129 تک پہنچ گئیں. ادھر گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے 22 نئے مریض اور 2 اموات سامنے آئیں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق علاقے میں سامنے آنے والے نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 1511 ہوگئی مزید برآں 2 افراد کے انتقال کرنے سے مجموعی اموات 28 تک جا پہنچی.
آزاد کشمیر کشمیر میں کورونا وائرس کے مزید 42 نئے کیسز اور 2 اموات کا اضافہ دیکھا گیا گزشتہ 24 گھنٹوں میں آزاد کشمیر میں سامنے آنے والے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 1135 تک پہنچ گئی اس کے علاوہ 2 اموات کے اضافے نے آزاد کشمیر میں وائرس سے انتقال کرنے والوں کی تعداد کو 32 تک پہنچا دیا. ایک طرف جہاں ملک میں نئے کیسز سامنے آرہے ہیں وہیں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 892 افراد شفایاب ہوئے جس کے بعد اب تک ملک میں مجموع طور پر صحت یاب ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 4 ہزار 694 ہوگئی.
ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحت یاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد ملک میں مصدقہ کیسز کی تعداد 2لاکھ 17ہزار 809 جبکہ 4ہزار473 افراد ہلاک ہوچکے ہیں‘اسی طرح صحت یاب افراد کی تعداد ایک لاکھ 4ہزار 649‘فعال کیسزکی تعداد ایک لاکھ 8ہزار 642تک ہوگئی ہے. ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز 86 ہزار 795 ہیں تو وہیں پنجاب میں 77 ہزار 740 تک کیسز پہنچ چکے ہیں‘صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 26 ہزار 938 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 10 ہزار 608 ہے‘علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 13 ہزار 82، گلگت بلتستان میں 1511 اور آزاد کشمیر 1135 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں.