لاہور، پب جی گیم نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی

  • July 1, 2020, 12:24 pm
  • National News
  • 126 Views

لاہور: پنجاب کے دارالحکومت میں آن لائن ویڈیو گیم پب جی نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں ایک اور نوجوان نے پب جی گیم کھیلنے سے روکنے پر مبینہ طور پر خودکشی کرلی، ذرائع کا کہنا ہے کہ 18 سال کا شہریار غازی روڈ پر پنجاب سوسائٹی میں بھائی کے ساتھ رہائش پذیر تھا، آبائی تعلق کوئٹہ سے ہے۔

مقتول کے بھائی کا کہنا تھا کہ شہریار ہر وقت پب جی گیم کھیلتا رہتا تھا گیم کھیلنے سے منع کرنے پر اس نے خودکشی کرلی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فرانزک ٹیمیں موقع پر موجود ہیں، لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ لاہور میں اس سے قبل بھی 2 نوجوان پب جی گیم کی وجہ سے خودکشی کرچکے ہیں

لاہور میں مشہور ویڈیو گیم پب جی نے نوجوان کی جان لے لی تھی، پولیس کا کہنا تھا کہ مصطفی ٹاؤن کے علاقے میں سولہ سالہ نوجوان نے خودکشی کی، محمد زکریا کی لاش پنکھے سے لٹکی ملی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ لاش کے قریب سے موبائل ملا ، جس پر مشہور ویڈیو گیم پب جی چل رہا تھا۔

اس سے قبل بھی لاہور میں نوجوان نے ویڈیو گیم کھیلنے سے منع پر خودکشی کر لی تھی، جونٹی جوزف کا ویڈیو گیم کی وجہ سے والد سے گذشتہ رات جھگڑا ہوا، والد نے اسے ڈانٹا اور ہر وقت موبائل پر پب جی کھیلنے سے منع کیا، جس کے بعد وہ ناراض ہو کر اپنے کمرے میں چلا گیا۔ اگلی صبح جونٹی جوزف نے اپنے کمرے کے پنکھے سے لٹک کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا تھا۔