محکمہ اسکول ایجوکیشن نے اسکول کھولنےکےایس اوپیزاورتجاویزکی تیاری شروع کر دی

  • June 23, 2020, 4:35 pm
  • Education News
  • 121 Views

محکمہ اسکول ایجوکیشن نے اسکول کھولنےکےایس اوپیزاورتجاویزکی تیاری شروع کر دی ہے۔ اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ پہلے مرحلے میں نویں دسویں جبکہ دوسرے مرحلے میں پانچویں اور آٹھویں جماعت کے طلباء کو اجازت دینے پر غور، اسکولوں کے اوقات کار 3 گھنٹے اور لازمی مضامین پڑھانے کی تجاویزپیش کی جائیں گی۔
اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن تجاویز تیار کرنے کےبعد محکمہ تعلیم کو بھیج دے گا جس کے بعد منظوری کے بعد اسکولوں کو کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بتایا تھا کہ سروے کے مطابق ایس او پیز کے تحت اسکولوں کو کھولنے پر 70 فیصد والدین نے بچوں کو اسکولوں میں بھیجنے پر رضامندی ظاہر کی ہے، جس کے بعد ایس او پیز کے تحت اسکولوں کو کھولنے پر غور کیا جارہا ہے، اس حوالے سے روڈ میپ تیار ہونے کے بعد والدین کو اعتماد میں لے کر باقاعدہ پریس کانفرنس کے ذریعے لائحہ عمل بتاؤں گا۔
شفقت محمود نے کہا ہے کہ اسکولوں کو کھولنے کا جائزہ لینے کے دوران این سی او سی کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کو بھی پیش نظر رکھ رہے ہیں، حکومت پاکستان کی حکمت عملی پر یونیسیف سے بھی مشاورت جاری ہے۔ وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں کہ تعلیم جیسے بنیادی اہمیت کے معاملے پر غیر یقینی کی فضا ختم ہو۔ اس سے قبل شفقت محمود نے تمام اسکول 15 جولائی تک بند رکھنے کا اعلان کیا تھا لیکن اب گزشتہ روز ہونے والے اجلاس کے بعد ان کی جانب سے یہ عندیہ دیا گیا تھا کہ کورونا کے حوالے سے ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے اسکولوں کو کھولنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
تا ہم آج محکمہ اسکول ایجوکیشن نے اسکول کھولنےکےایس اوپیزاورتجاویزکی تیاری شروع کر دی ہے جو کہ بہت جلد محکمہ تعلیم کو پیش کر دی جائے گی۔ خیال رہے کہ حکومت نے ملک بھر میں جاری کورونا کی صورتحال کی وجہ سے اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ تا ہم اب کورونا کیسز میں کچھ کمی آئی ہے جس کے بعد اسکولوں کو دوبارہ کھولنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
۔ پاکستان میں اگر کورونا کیسز کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو پاکستان میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز کی تعداد 19 دن کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے۔گزشتہ روز پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 4 ہزار سے کم رہی جو کہ پچھلے 19 دنوں کے اعداد و شمار کو سامنے رکھتے ہوئے نئے رپورٹ ہونے والے کیسز کی سب سے کم ترین تعداد ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ روز نئے رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 4 ہزار سے کم ہے جو کہ گزشتہ کئی روز کے اعداد و شمار میں سے سب سے کم ترین تعداد ہے۔
علاوہ ازیں پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 105 افراد مہلک کورونا وائرس کی وجہ سے جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کے باعث ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 946 ہو گئی ہے۔ گزشتہ روز پاکستان میں مجموعی طور پر 3 ہزار 946 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھر کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1 لاکھ 85 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ پاکستان میں گزشتہ روز کل 24 ہزار 599 ٹیسٹ کیے گئے۔ ملک بھر میں کورونا وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 73 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔