اسکول کھلنے پر 70فیصد والدین نے بچوں کو اسکولوں میں بھیجنے پر رضامندی ظاہر کردی

  • June 23, 2020, 1:33 am
  • Education News
  • 224 Views

اسکول کھلنے پر 70فیصد والدین نے بچوں کو اسکولوں میں بھیجنے پر رضامندی ظاہر کردی، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بتایا ہے کہ سروے کے مطابق ایس او پیز کے تحت اسکولوں کو کھولنے پر 70 فیصد والدین نے بچوں کو اسکولوں میں بھیجنے پر رضامندی ظاہر کی ہے، جس کے بعد ایس او پیز کے تحت اسکولوں کو کھولنے پر غور کیا جارہا ہے، اس حوالے سے روڈ میپ تیار ہونے کے بعد والدین کو اعتماد میں لے کر باقاعدہ پریس کانفرنس کے ذریعے لائحہ عمل بتاؤں گا۔
شفقت محمود نے کہا ہے کہ اسکولوں کو کھولنے کا جائزہ لینے کے دوران این سی او سی کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کو بھی پیش نظر رکھ رہے ہیں، حکومت پاکستان کی حکمت عملی پر یونیسیف سے بھی مشاورت جاری ہے۔
وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں کہ تعلیم جیسے بنیادی اہمیت کے معاملے پر غیر یقینی کی فضا ختم ہو۔ دوسری جانب پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد دن بدن بڑھتی جارہی ہے اور آج بھی نئے کیسز اور اموات کے بعد ملک میں مجموعی متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 81 ہزار 88 ہوگئی جبکہ اموات 3 ہزار 590 تک پہنچ گئیں سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں آج پیر کے روز تک کورونا وائرس کے ایک ہزار 496 نئے کیسز اور 33 اموات کا اضافہ ہوا. خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال ہر گزرتے دن کے ساتھ بگڑ رہی ہے اور یومیہ ہزاروں کی تعداد میں کیسز اور 100 سے زائد اموات ہورہی ہیں اگرچہ اس وائرس کی روک تھام کے لیے حکومت اب اسمارٹ لاک ڈاﺅن کی حکمت عملی پر کام کر رہی ہے جس کے تحت وائرس کے ہاٹ اسپاٹس والے علاقوں کو سیل کیا گیا ہے تاہم اس کے باوجود کیسز کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے.