سکھر میں آئی بی اے کی بنیاد ڈالنے والے پروفیسر ڈاکٹر نثار احمد صدیقی انتقال کرگئے

  • June 22, 2020, 2:50 pm
  • National News
  • 129 Views

سکھر : سندھ ایک نامور ماہر تعلیم سے محروم ہوگیا، سکھر میں آئی بی اے کی بنیاد ڈالنے والے پروفیسر ڈاکٹر نثار احمد صدیقی انتقال کرگئے، مرحوم کی تدفین خیرپور ضلع کے علاقے پریالوئی میں کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق سکھر میں آئی بی اے جیسے اعلیٰ تعلیمی ادارے کی بنیاد ڈالنے والے 77 سالہ وائس چانسلر وسندھ کے نامور ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر نثار احمد صدیقی آج صبح کراچی میں علالت کے بعد انتقال کرگئے۔

مرحوم عارضہ قلب میں مبتلا تھےاور گذشتہ ایک ہفتے سے کراچی کے اسپتال میں زیر علاج تھے، مرحوم نے پسماندگان میں 3 بیٹے اور 4 بیٹیاں چھوڑی ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر نثار احمد صدیقی کی میت ایمبولینس کے ذریعے کراچی سے ان کے آبائی گاؤں پریالوئی ضلع خیرپور لائی جارہی ہے، مرحوم نے سندھ کے چیف سیکریٹری، ہوم سیکرٹری اور سکھر کے کمشنر سمیت دیگر اہم سرکاری عہدوں پر بھی اپنے فرائض انجام دیئے۔

انتقال کے وقت وہ نہ صرف سکھر آئی بی اے کے وائس چانسلر تھے بلکہ سکھر الیکٹرک پاور کمپنی سیپکو کے بورڈز آف ڈائریکٹرز کے چیئر مین بھی تھے، مرحوم نے اپنی پوری زندگی تعلیم کے فروغ اور بہتری کے لیے وقف کر رکھی تھی۔

چیف سیکریٹری سندھ ممتازعلی شاہ نے اپنے بیان میں کہا نثاراحمدصدیقی کی وفات سےپاکستان ایک ماہرتعلیم سےمحروم ہوگیا،انھوں نےسکھرپبلک اسکول کے2کمروں سےعالمی معیارکی یونیورسٹی بنائی، نثارصدیقی کی تعلیمی خدمات کوہمیشہ یادرکھاجائےگا۔