بی این پی کے کچھ مطالبات جائز جبکہ کچھ پر ہمیں تحفظات ہیں، فواد چوہدری

  • June 22, 2020, 1:12 pm
  • Political News
  • 109 Views

اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بی این پی ہماری اتحادی جماعت ہے ان کے اپنےمطالبات ہیں۔

اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ بی این پی کے کچھ مطالبات جائز ہیں جبکہ کچھ پر ہمیں تحفظات ہیں۔ اتحادیوں میں گلےشکوے چلتےرہتے ہیں امید ہے بی این پی واپس آ جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ احتساب جب سیاست دانوں کا ہوتا ہےتو باقی اداروں کا بھی ہونا چاہیے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلوچستان نیشنل پارٹی(بی این پی) کے سربراہ سردار اختر مینگل نے کہا تھا کہ حکومت میں واپس جانا اب میرے بس کی بات نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اگر سنجیدہ ہے تو بلوچستان کے مسائل حل کرے، مسائل حل ہوں تو پورا بلوچستان پی ٹی آئی میں شامل ہوجائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن نے ہمیں بلایا اور ہماری باتیں سنیں، حکومت کی طرف سے بھی کوئی آیاتو ضرور بات کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہمارا ہاتھ چھوڑ دیا،اب ہم بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ کیوں بنیں؟

اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ 18 ویں ترمیم سے متعلق حکومتی بیانات تشویشناک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں کسی قسم کی کمی قبول نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا آپشن موجود ہے، تجویز کو عملی جامعہ پہنانے پر بار بار سوچنے کی ضرورت ہے، اکثریت ہمارے پاس پہلے بھی تھی لیکن سینیٹ الیکشن میں کیا ہوا؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ منتخب قیادت ہی ملک کو بحران سے نکال سکتی ہے، سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطے کا عمل شروع کیا ہے۔