لڑکی سے ملاقات کا شوق، ڈاکوؤں نے نوجوانوں‌ کو بے وقوف بنا کر اغوا کرلیا

  • June 22, 2020, 12:45 pm
  • National News
  • 100 Views

سکھر: سندھ کے علاقے صالح پٹ کے دو نوجوانوں کو ڈاکوؤں نے خواتین کی آواز نکال کر ملاقات کے لیے بلایا اور پھر انہیں اغوا کرلیا۔

نمائندہ اے آر وائی نیوز علی محمد شر سے پولیس حکام نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صالح پٹ کے دو نوجوانوں سے نامعلوم افراد نے فون پر خواتین کی آواز میں بات کی اور انہیں ملاقات کے لیے بلایا۔

دونوں نوجوان خواتین سے ملاقات کے لیے مقررہ مقام پر پہنچے، جہاں ایک گاڑی میں کچھ لوگ آئے اور انہیں زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔

پولیس کو خدشہ ہے کہ نوجوانوں کو کچے کے علاقے میں موجود ڈاکوؤں نے اغوا کیا اور وہ دونوں کو وہیں لے کر گئے ہیں۔ نمائندہ اے آر وائی کے مطابق پولیس نے نوجوانوں کی تلاش کا کام شروع کردیا ہے، دونوں کا موبائل فون شام سے مسلسل بند جارہا ہے۔

وسری جانب لاہور کے فیکٹری ایریا میں نانی کے گھر جاتے ہوئے تین بہن بھائیوں کو نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا۔

نمائندہ اے آر وائی نیوز یار محمد کے مطابق تینوں بہن بھائی تین روز قبل اپنے گھر سے نانی کے گھر جانے کے لیے نکلے تھے کہ وہ راستے سے کہیں غائب ہوگئے۔

پولیس نے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے بچوں کی تلاش شروع کردی۔ والد کا کہنا ہے کہ بچوں کے اغوا میں دو خواتین بھی ملوث ہیں، تینوں کو ایک ہائی روف میں اغوا کیا گیا ہے۔