پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان کشیدگی شدت اختیار کر گئی

  • June 21, 2020, 12:27 pm
  • World News
  • 95 Views

پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین چل رہی سفارتی کشیدگی شدت اختیار کر دئی ہے اور بنگلہ دیش نے پاکستانیوں کے لیے ویزے کے اجراپر پابندی کے بعد اب پاکستان آنے والی پروازیں بھی بند کر دی ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش نے پاکستان کے لیے پروازوں کا اجرا روک دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستانی شہریوں کو بنگلا دیش کی جانب سے گزشتہ 7 روز سے ویزے جاری نہیں کیے جا رہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بنگلہ دیشی ہائی کمیشن کا ویزا سیکشن گزشتہ پیر سے بند ہے۔ بنگلہ دیش نے یہ فیصلہ اپنے سفارتکار اقبال حسین کو پاکستان کی جانب سے ویزا کے عدم اجرا پر کیا ہے۔ اقبال حسین، بنگلہ دیشی ہائی کمیشن میں پریس اور ویزا قونصلر تھے اور ذرائع کے مطابق اقبال حسین نے جنوری میں پاکستان کو ویزا میں توسیع کی درخواست دی تھی البتہ وزارت داخلہ نے 4 ماہ گزرنے کے بعد بھی اقبال حسین کو ویزا میں توسیع نہیں دی۔
ذرائع کے مطابق محمد اقبال حسین ویزا میں توسیع کے انتظار میں ہی ملازمت سے سبکدوش ہوگئے۔ ذائع کا کہنا ہے کہ اقبال حسین کی بیٹی کے ویزا پر بھی توسیع نہیں دی گئی اور بنگلہ دیشی پریس قونصلر اقبال حسین اپنی بیٹی کے ہمراہ تاحال وطن واپسی کے منتظر ہیں۔ یاد رہے کہ ڈھاکہ میں پاکستانی سفارت خانے میں موجود ناظم الامور کی بھی اس معاملے پر بنگلادیشی دفترِ خارجہ میں طلبی کی گئی تھی۔ بنگلہ دیشی حکام نے کہا تھا کہ پاکستان حکومت بنگلا دیش کے سفارتکار کی جلد واپسی یقینی بنائے۔ پاکستان وزارت خارجہ ویزا معاملے پر اپنا موٴقف دینے سے تاحال گریزاں ہے۔