کرونا کا کوئی علاج نہیں، دواؤں پر پیسے خرچ نہ کریں،فواد چوہدری

  • June 21, 2020, 2:24 am
  • COVID-19
  • 102 Views

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کا کوئی علاج نہیں ہے، دواؤں پر پیسے خرچ نہ کریں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کرونا وائرس سے متعلق بیان سامنے آگیا، انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کا کوئی علاج نہیں،دواؤں پر پیسے خرچ نہ کریں۔

وفاقی وزیر نے عوام سے درخواست کی کہ کوشش کریں گھروں میں رہیں باہر نکلیں تو ماسک پہنیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان میں اضلاع کی سطح پر پاسپورٹ آفس بنائے ہیں،گزشتہ 2 سالوں میں 50 ارب کے منصوبے مکمل کر رہے ہیں،الیکشن آئیں گے تو تمام وعدے پورے کرچکے ہوں گے۔


یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ چند ہفتوں میں وینٹی لیٹرز کی کمرشل پروڈکشن بھی شروع ہوجائے گی اور پاکستان کا شمار ان چند ملکوں میں ہوگا، جو وینٹی لیٹرز خود بنائیں گے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سرجیکل آلات کی ملکی ضروریات پوری کررہے ہیں اور برآمدبھی کر رہے ہیں جبکہ وینٹی لیٹر کے علاوہ تمام سامان پاکستان خود بنا رہا ہے۔