گوجرانوالہ، پیٹرول بحران نے باپ بیٹی کی جان لے لی

  • June 21, 2020, 2:22 am
  • Breaking News
  • 105 Views

گوجرانوالہ: پنجاب کے شہر گوجرانوالہ کی تحصیل وزیر آباد میں رکھے گیلن سے پیٹرول نکالتے ہوئے آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں باپ بیٹی جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق گوجرانوالہ کی تحصیل وزیر آباد رسول نگر میں گھر کے کچن کے اندر رکھے پیٹرول سے بھرے گیلن سے پیٹرول نکالتے ہوئے آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں باپ بیٹی جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 55 سالہ قیصر عباس اور ان کی بیٹی 25 سالہ حنا قیصر شامل ہیں، قیصر عباس نے پیٹرول بحران کے پیش نظر پیٹرول گیلن میں بھر کر کچن میں رکھا ہوا تھا۔

نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق پیٹرول لیک ہونے سے آگ لگ گئی جس کی لپیٹ میں آکر قیصر عباس اور ان کی بیٹی حنا شدید جھلس گئے جنہیں تشویش ناک حالت میں تحصیل اسپتال وزیر آباد منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔


پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق باپ بیٹی کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے، ابتدائی رپورٹ کے مطابق واقعہ حادثے کی صورت میں رونما ہوا۔

واضح رہے کہ ملک میں جاری پیٹرول بحران کے سبب شہریوں نے پیٹرول گھر میں اکٹھا کرکے رکھ لیا تھا تاکہ بوقت ضرورت پیٹرول گاڑیوں میں ڈال کر گزارہ کیا جاسکے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پیٹرول بحران کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ دار کمپنیوں کے لائسنس منسوخ کرنے کا حکم دیا تھا۔