بلوچستان کا طبی عملہ وزیراعظم کے دل کے قریب ہے، شہباز گل

  • June 20, 2020, 1:50 pm
  • COVID-19
  • 75 Views

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی رابطہ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ بلوچستان میں کورونا کےخلاف فرائض انجام دینے والے ڈاکٹرز اور طبی عملہ وزیراعظم کے دل کے بہت قریب ہے، انہوں نے ان کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملک میں لاک ڈاون کے حوالے سے وزیراعظم نے قوم کےمفاد میں فیصلہ کیا۔وہ شروع سے اپنے فیصلے میں بہت واضح رہے ہیں۔

ڈاکٹرشہبازگل کوئٹہ میں ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے، ان کا کہناتھا کہ وہ وزیراعظم کا پیغام لے کر آئے ہیں کہ آپ لوگ ان کے دل کے بہت قریب ہیں، وزیراعظم ڈاکٹرز اور طبی عملے کے بھی شکر گزار ہیں جو کورونا کےخلاف پرعزم ہیں۔

ان کا کہناتھا کہ جو لوگ لاک ڈاون کے حامی ہیں وہ انڈیا کی صورتحال دیکھ لیں جہاں 34فیصد لوگوں کے پاس کھانا ہی نہیں ہے۔

ڈاکٹر شہباز گل کا یہ بھی کہناتھا کہ وزیراعظم نے مشکل حالات اور دباو میں بہتر فیصلے کئے، وزیراعظم کا وباء سے نمٹنے کےلئے وژن پوری دنیا میں مقبول ہوا ہے جبکہ دوسری جانب مکمل لاک ڈاؤن کو سندھ نے اپنایا مگر مقبول نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا کےحوالےسے سخت لاک ڈاون کی پالیسی کامیاب نہیں ہے، ڈاکٹر شہبازگل کا کہناتھا کہ جو کچھ لیڈر کو نظر آتا ہے وہ عام آدمی کو نظر نہیں آتا۔

شہباز گل نے اس موقع پر کہا کہ این ایف سی میں جو کٹوتی کی گئی ہےوفاق اسے جلد پورا کرے گا کوروناوائرس کی وجہ سے محصولات میں کمی ہوئی ہے۔

ڈاکٹر شہباز گل کا یہ بھی کہناتھا کہ تحریک انصاف کے ووٹرز نے ملک میں تبدیلی کے لئے ووٹ دیاتھا، تبدیلی یہ آئی کہ وزیراعظم اپنے گھر کے بل خود ادا کرتے ہیں اور چھ، چھ گھنٹے کے کابینہ کےاجلاسوں میں کھانوں کی بجائے صرف چائے دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے تبدیلیوں کےحوالےسے وعدہ پورا کیا، باقی تبدیلیاں جلد آجائیں گی۔

اس موقع پر ایک سوال کے جواب میں ان کا کہناتھا کہ سیاست میں اتحادیوں کے درمیان اختلاف رائے رہتا ہے تمام اتحادیوں کی عزت کرتے ہیں، اظہار رائے ان کا حق ہے ، اتحادیوں سے بات چیت کریں گے۔