کراچی کو نیشنل گرڈ سے 14سو میگا واٹ بجلی کی اضافی فراہمی

  • June 20, 2020, 1:34 pm
  • Business News
  • 104 Views

کراچی کو نیشنل گرڈ سے 14سو میگا واٹ بجلی کی اضافی فراہمی چندروز میں بتدریج شروع ہوجائے گی اور جولائی کے پہلے ہفتے تک 14سو میگا واٹ تک پہنچ جائے گی. وزارت توانائی کے ذرائع کے مطابق کابینہ کمیٹی برائے توانائی (سی سی او ای) نے نیشنل گرڈ سے کراچی کے لیے اضافی 14 سو میگا واٹ بجلی کی فراہمی کی منظوری دی ہے جبکہ متبادل اور قابل تجدید توانائی کی پالیسی(اے آر ای پی) کا مسودہ براہِ راست کابینہ میں جمع کروانے کی ہدایت کی.
گزشتہ روزوزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرصدارت اجلاس میں اے آر ای پی مسودے پر بات چیت کی گئی اور جس حالت میں موجود ہے اسی صورت میں کابینہ کو جمع کروانے کی ہدایت بھی کی گئی باخبر ذرائع نے بتایا کہ وزارت توانائی نے کابینہ کمیٹی کو بتایا کہ مسودے پر سب سے زیادہ سندھ حکومت کو تحفظات تھے جس کی وجہ سے اس کی منظور میں 6 ماہ کی تاخیر ہوگئی ہے اور اس سلسلے میں بات چیت جمعرات تک جاری تھی.
ذرائع کے مطابق اسد عمر نے کہا کہ پالیسی کو ان معمولی مسائل کی وجہ سے نہیں روکنا چاہیئے بلکہ منظوری کے لیے وفاقی کابینہ میں پیش کرنی چاہیئے تا کہ کم از کم وفاق کی جانب سے یہ کلیئر ہوجائے اور زیر التوا معاملات کو مشترکہ مفادات کونسل کی سطح پر حل کرلیا جائے ذرائع کا کہنا تھا کہ کمیٹی نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی خواہش کے مطابق اس سطح پر ہائیڈروپاور جنریشن کو اے آر ای پی میں شامل کرنے پر غور نہیں کیا کیوں کہ اسے مین اسٹریم پالیسی میں شامل کیا جاچکا ہے.
اجلاس کے حوالے سے جاری باضابطہ بیان کے مطابق سی سی او ای نے پالیسی کا مسودہ کابینہ میں پیش کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اس کے بعد یہ پالیسی مشترکہ مفادات کونسل میں پیش کی جائے گی‘خیال رہے اے آر ای پی پالیسی برائے سال 2019 میں توانائی میں گرین انرجی کے حصے میں اضافہ کر کے ماحولیات کے تحفظ، گرڈ پاور جنریشن پر کم از کم لاگت اور مقامی سطح پر اے آر ای پی کی تیاری، ہنرمند انسانی وسائل اور ٹیکنالوجی کے تبادلے پر توجہ دی گئی ہے.
اس کے علاوہ اس پالیسی کے ذریعے آن گرڈ اور آف گرڈ اے آر اے پیز اور فراہمی کے جدید حل میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور شرکت ہوسکے گی کابینہ کمیٹی برائے توانائی کو آئندہ 3 سے 4 سال میں کراچی میں توانائی کی طلب اور فراہمی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی. کمیٹی نے نیشنل گرڈ سے کے الیکٹرک (کے ای) کو اضافی بجلی کی فراہمی کی منظوری دے دی اور ہدایت کی کہ اس کی تکنیکی تفصیلات فریقین کے مابین 15 اگست 2020 تک طے کی جاسکتی ہیں کے ای اور حکومت کے درمیان ہونے والے سمجھوتے کے تحت سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی/نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی شہر میں آئندہ جوہری توانائی کے منصوبوں اور بن قاسم پر کوئلے کے منصوبوں کے ذریعے کے الیکٹرک کو نیشنل گرڈ سے اضافی 1400 میگا واٹ بجلی فوری طور پر فراہم کرے گی اس سلسلے میں اضافی ترسیلی سہولیات کی ضرورت ہوگی جنہیں 3 مقامات پر لگایا جائے گا جس میں جھمپیر، کراچی مغربی اور پورٹ قاسم دھابیجی شامل ہیں.