چین نے بھارت کے دس فوجیوں کو رہا کر دیا

  • June 19, 2020, 1:26 pm
  • World News
  • 103 Views

چین نے بھارت کے دس فوجیوں کو رہا کر دیا۔ بھارتی فوجیوں کو چین اور بھارت کے درمیان جنگ کے بعد ہونے والے مسلسل مذاکرات کے بعد رہا کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق چین اور بھارت کے درمیان سرحدی کشیدگی کی شدت میں کمی آتی نظر آ رہی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی جانب سے بھارت کے 10 فوجیوں کو رہا کر دیا گیا ہے جو کہ تنازعے کو حل کرنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی مسلسل گفتگو کا نتیجہ ہے۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق جمعرات کے روز چین نے 10 بھارتی فوجیوں کو رہا کر دیا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق چین اور بھارتی افواج کے درمیان جمعہ کے روز ہونے والی جھڑپ کے بعد بھارتی حکومت سکتے میں ہے اور اب تک کسی قسم کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے جبکہ بھارتی آرمی کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا کہ لداخ کے علاقے گلوان میں ہونے والی جھڑپ کے دوران کوئی بھی بھارتی فوج کا اہلکار لاپتا نہیں ہوا۔
ہندو اخبار کے مطابق بھارتی فوجیوں کی رہائی کا فیصلہ بھارتی افواج اور چینی افواج کے درمیان میجر جنرل لیول پر مذاکرات کے بعد کیا گیا۔
واضح رہے کہ چین کے ساتھ لڑائی میں بھارتی فوج کے 20 اہلکار ہلاک، 76 زخمیجبکہ کئی ہمیشہ کے لیے معذور ہو گئے۔ بھارتی اخبار نے انکشاف کیا کہ چینی فوج نے بھارت کے بڑی تعداد میں فوجیوں کوخاردار تار لپٹے ڈنڈوں سے مارا جس سے وہ موقع پر ہی ڈھیرہوگئے جس کے بعد بھارتی فوج میں بددلی پھیل گئی ہے۔
بھارت اور چین کے درمیان معاملات پر نظررکھنے والے دفاعی تجزیہ نگاروں نے انکشاف کیا ہے کہ ہلاکتوں کے ساتھ ساتھ بھارتی فوج کے درجنوں فوجی شدید زخمی بھی ہوئے ہیں۔ چین کےہاتھوں بھارتی فوج کو بڑے پیمانے پرجانی نقصان بھی پہنچا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ بھارتی فوج کے 76 سے زائد فوجیوں کی چینی فوج نے پٹائی کے کے ان کی درگت بنادی۔ اسی دوران کئی بھارتی فوجی معذور ہوگئے ہیں ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی وزارت دفاع نے انہین حالات کے پیش نظرچین سے معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوششیں شروع کردی تھیں۔ دوسری جانب چین کے ساتھ سرحدی تنازعے کے حل کے لیے روس اور امریکا نے بھی بھارت کی مدد کرنے سے انکار کردیا ہے۔ امریکی اور روسی قیادت نے دونوں ممالک کے تنازعے میں مداخلت کرنے سے معذرت کر لی۔ چینی فوج کے ہاتھوں اپنے فوجیوں کی ہلاکت کے بعد مودی سرکار پر سکتہ طاری ہے۔
نریندر مودی کی حکومت اب تک چین کو کوئی جواب نہیں دے پائی ۔ چین کی جانب سے جارح حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے لداخ پر اپنا حق جتایا گیا ہے۔ چین نے بھارت کو واضح پیغام دیا ہے کہ اپنی فوج کو قابو میں رکھو ورنہ اب پہلے سے زیادہ سخت جواب دیا جائے گا۔ چین کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے مذاکراتی عمل کے دوران وعدہ خلافی کرتے ہوئے چین کے زیر کٹرول علاقوں پر حملہ کیا، جس کے جواب میں چینی فوج نے کاروائی کی۔