پاکستان میں کورونا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی اوسط عمر 60 سال

  • June 19, 2020, 1:26 pm
  • COVID-19
  • 127 Views

پاکستان میں کورونا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی اوسط عمر 60 سال بتائی گئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 74 فیصد افراد کی عمر 50 سال سے زائد ہے جبکہ کورونا سے جاں بحق 73 فیصد افراد پہلے سے مختلف دائمی بیماریوں کا شکار تھے۔ پاکستان میں اموات کی شرح کی بات کی جائے تو پاکستان میں اموات کی شرح 1.93 فیصد ہے جبکہ عالمی سطح پر یہ شرح 5.37 فیصد ہے۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں مہلک وائرس کے مصدقہ کیسز کی یومیہ تعداد میں مسلسل تیسرے روز بھی کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔ گزشتہ 3 روز کے اعداد و شمار دیکھے جائیں تو پتا چلتا ہے کہ پاکستان میں یومیہ رپورٹ ہونے والی کیسز کی تعداد میں مسلسل کمی واقع ہو رہی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 16 جون کو رپورٹ ہونے والے نئے مصدقہ کیسز کی تعداد 5 ہزار 839 تھی، اسی طرح 17 جون کو 5 ہزار 358 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں رپورٹ ہونے والے نئے کیسز کی تعداد 5 ہزار سے کم ہے۔

تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ روز کورونا وائرس کے نئے رپورٹ ہونے والی کیسز کی تعداد 4 ہزار 944 ہے۔مزید گزشتہ کچھ دنوں کا جائزہ لیا جائے تو پاکستان میں 9 جون کو رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 5 ہزار 385 تھی، 10 جون کو 5 ہزار834 افراد متاثر ہوئے، 11 جون کو 6 ہزار 397 نئے کیسز سامنے آئے، 12 جون کو 6 ہزار 472، 13 جون کو 6 ہزار 825، 14 جون کو 5 ہزار 248 جبکہ 15 جون کو سامنے آنے والے کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 4 ہزار 443 رہی۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے نئے کیسز میں کمی کے باوجود ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے باعث 136 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد مہلک وائرس سے ہونے والی اموات کی کل تعداد 3 ہزار 229 ہو گئی ہے۔ ملک بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 65 ہزار 62 ہو گئی ہے جن میں سے 59 ہزار 711 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک پاکستان میں مجموعی طور پر 10لاکھ 11 ہزار سے زائد کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔