کراچی سمیت پاکستان بھر کے میڈیکل اسٹورز سے کورونا کی موثر دوا ڈیکسا میتھاسون غائب ہونا شروع

  • June 18, 2020, 11:36 am
  • COVID-19
  • 118 Views

کراچی سمیت پاکستان بھر کے میڈیکل اسٹورز سے کورونا کی موثر دوا ڈیکسا میتھاسون غائب ہونا شروع ہو گئی ہے۔ اس حوالے سے میڈیکل اسٹورز مالکان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ منگل کی رات سے ہی اس دوا کی ڈیمانڈ شروع ہوگئی اور بدھ کی دوپہر تک یہ ختم ہوگئی ہے۔ ڈیکسا میتھا سون پر ذخیرہ اندوز فعال ہوگئے ہیں اور انہوں نے مارکیٹ سے دوا اٹھانا شروع کردی ہے۔
دوسری جانب پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگ ایسوسی ایشن کےسینئر وائس چیئرمین عبدالصمد بڈھانی کے مطابق ڈیکسا میتھا سون انجکشن کی ہول سیل قیمت 450، ریٹیل قیمت 528 روپے تھی لیکن آج جیسے ہی ذخیرہ اندوزی شروع ہوئی تو اس کی قیمت 800 سے 1000 تک چلی گئی ہے اور اس کی فروخت روک دی گئی ہے جبکہ لاہور میں اس کی قیمت 2000 سے 3000 ہزار ہونے کا خدشہ ہے۔
خیال رہے کہ پنجاب حکومت نے بغیر نسخے کے کورونا کی موثر دوا ڈیکسامیتھاسون کی فروخت پر پابندی عائد کردی تھی۔

اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ چیف کنٹرولر نے نے ڈرگ انسپکٹرز کو صوبے بھر میں ڈیکسامیتھاسون کی تقسیم کی نگرانی کرنے اور صوبے میں اس کے ذخیرے کا ریکارڈ برقرار رکھنے کی ہدایات جاری کر دیں ہیں جس کے بعد اس کی خریدوفروخت کا مکمل حساب رکھا جائے گا۔ یہ فیصلہ اس لئے کیا گیا ہے کیونکہ اس سے قبل کورونا وائرس سے متعلق جتنی بھی چیزیں منظر عام پر آئی تھیں، یا تو وہ مارکیٹ سے غائب کر دی گئی تھیں یا ان کی قیمت بہت زیادہ ہو گئی تھی۔
لیکن اس مرتبہ پنجاب حکومت نے بغیر نسخے کے کورونا کی موثر دوا ڈیکسامیتھاسون کی فروخت پر پابندی عائد کردی ہے جو کہ ایک خوش آئند اقدام ہے، لیکن ان احکامات کے بعد بھی یہ دوا مارکیٹ سے غائب ہونا شروع ہو گئی ہے۔ یاد رہے کہ برطانوی سائنسدانوں نے کورونا بیماری کے علاج کی سستی دوا دریافت کرلی تھی، اس حوالے سے بتایا گیا تھا کہ ڈیکسامیتھاسون دوا سے وینٹی لیٹر پر ایک تہائی مریض صحت یاب ہوگئے ہیں جبکہ اگر یہ دوا پہلے استعمال کی جاتی تو 4 سے 5 ہزار افراد کی جان بچائی جاسکتی تھی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق برطانیہ میں سائنسدانوں نے کورونا کےعلاج کی سستی دوا دریافت یہ دوائی دنیا میں کورونا وائرس کیخلاف ٹرائل کے طور پر استعمال ہونے والی ادویات کا حصہ ہے۔ ان ٹرائل کی روشنی میں ان ادویات کا کورونا کے علاج میں اثر دیکھا جا رہا ہے۔ ان ادویات میں ڈیکسامیتھاسون دوا کی انتہائی کم مقدار کورونا وائرس کو ختم کرنے کیلئے انتہائی مفید ثابت ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ڈیکسامیتھاسون دوا سے کورونا مریضوں کی اموات کی شرح میں کمی آئی ہے۔ دوا سے وینٹی لیٹر پر ایک تہائی مریض صحت یاب ہوگئے۔ انتہائی تشویشناک مریضوں پر اگر دوا پہلے استعمال کی جاتی تو 4 سے 5 ہزار افراد کی جان بچائی جاسکتی تھی