بھارت کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غیر مستقل نشست پر منتخب کر لیا گیا

  • June 18, 2020, 11:34 am
  • World News
  • 83 Views

بھارت کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غیر مستقل نشست پر منتخب کر لیا گیا۔ ناروے، میکسیکو، آئرلینڈ اور بھارت کو دو سال کے لیے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں غیر مستقل اراکین کے طور پر منتخب کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کو اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں غیر مستقل نشست پر منتخب کر لیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چار ممالک کو سکیورٹی کونسل کی غیر مستقل نشست پر منتخب کیا گیا ہے جس میں بھارت کے علاوہ میکسیکو، ناروے اور آئرلینڈ بھی شامل ہیں۔ نئے منتخب ہونے والے اراکین دو سال کے عرصہ کے لیے منتخب ہوئے ہیں جن کی دو سالہ ٹرم کا آغاز یکم جنوری 2021ء سے ہوگا۔ مزید ایک غیر مستقل نشست پر ووٹنگ ہوئی جس میں کینیا اور جبوتی کے درمیان مقابلے میں کوئی بھی ملک دو تہائی اکثریت حاصل نہ کر سکا۔
جنرل اسمبلی کے موجودہ صدر نے بتایا کہ ان ممالک کے درمیان جمعرات کے روز رن آف ہو گا۔ خبر ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے غیر مستقل اراکین میں سے پانچ افریقہ اور ایشیا کی ریاستوں سے ہوتے ہیں، ایک یورپین یونین کی ریاستوں سے جبکہ دو، دو ملک لاطینی امریکہ اور مغربی یورپ اور دیگر ریاستوں سے منتخب ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے 15 ممبرز ہوتے ہیں جن میں سے 5 مستقل ہیں جبکہ 10 غیر مستقل۔
اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے 5 مستقل ممبران میں امریکہ، چین، برطانیہ، فرانس اور روس کا شمار ہوتا ہے جبکہ 10 غیر مستقل ممبران کا انتخاب جغرافیائی یا خطے کی مناسبت سے کیا جاتا ہے۔ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے 10 غیر مستقل ممبران میں سے ہر سال 5 ممبران تبدیل ہوتے ہیں اور ان کی جگہ نئے ممبران کا انتخاب کر لیا جاتا ہے۔ یہ بھی یاد رہے کہ پاکستان بھی اقوامِ متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں غیر مستقل رکن کے طور پر سات مرتبہ منتخب ہو چکا ہے۔