وزیراعظم عمران خان نے انٹرنیشنل فلائٹس کی بحالی کے لئے گرین سگنل دے دیا

  • June 16, 2020, 4:34 pm
  • Business News
  • 145 Views

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے انٹرنیشنل فلائٹس کی بحالی کے لئے گرین سگنل دے دیا اور اوورسیز پاکستانیوں کے لئے مرحلہ وار انٹرنیشنل فلائٹس بحال کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کوایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقیم کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی کابینہ کورونا وائرس اور ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ اجلاس میں انٹرنیشنل فلائٹس کی بحالی کا معاملہ زیربحث آیا ، معاون خصوصی زلفی بخاری نے انٹرنیشنل فلائٹس کھولنے کا مطالبہ کر دیا۔

زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ فلائٹس کی بندش سے اوورسیز پاکستانیوں کو مشکلات ہیں، وفاقی کابینہ انٹرنیشنل فلائٹس کی بندش کے فیصلے پر نظر ثانی کرے، دیارغیر میں پھنسے پاکستانیوں کو فوری مدد کی ضرورت ہے۔

معاون خصوصی نے مزید کہا کہ 2 لاکھ سے زائد اوورسیز پاکستانی ملازمتوں سے محروم ہو چکے ہیں، بیرون ملک مقیم ہم وطن مالی مشکلات سے بھی دو چار ہیں، وقت کا تقاضا ہے مشکل میں ہم وطنوں سے ہر طرح کا تعاون کیا جائے اور این سی سی کااجلاس بلا کر معاملے پر مشاورت کی جائے۔

ذرائع کے مطابق پروازوں کی بحالی سے متعلق مشاورت کے بعد وزیراعظم عمران خان نے انٹرنیشنل فلائٹس کی بحالی کےلئےگرین سگنل دے دیا۔

وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانیوں کے لئے مرحلہ وار انٹرنیشنل فلائٹس بحال کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت کر دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر عرب ممالک کے لئے بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، گلف ممالک سے پاکستانیوں کی محفوظ وطن واپسی کے بعد اگلہ مرحلہ شروع ہوگا اور پہلے بے روزگار ہونے والے مزدور اور محنت کشوں کو وطن واپس لایا جائے گا۔

عمران خان نے کہا اوورسیز پاکستانی دل کے قریب ہیں مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑیں گے، کورونا کے باعث لاکھوں پاکستانی روزگار سے محروم ہوئے، جس کا دکھ ہے ، ہمیں اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مشکلات کا اندازہ ہے، حکومت پاکستان اپنے ہم وطن بہن بھائیوں کی ہر ممکن مدد کیلئے تیار ہے۔

گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کورونا کی صورت حال کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا تھا ، بریفنگ کے دوران بتایا گیا تھا کہ کرونا سے متاثرہ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے حوالے سے ملک کے بیس بڑے شہروں میں ان مقامات کی نشاندہی کردی گئی ہے جہاں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد زیادہ ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ حفاظتی اقدامات کی بدولت کرونا کے پھیلاؤ کو موثر طریقے سے روکا جا سکتا ہے، اس ضمن میں عوام کا کلیدی کردار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبوں کو متاثرہ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، اس حوالے سے زمینی حقائق کو مدنظر رکھ کر ایسے اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ آنے والے چند مشکل ہفتوں کے دوران حفاظتی اقدامات اور معاشی سرگرمیوں میں توازن رکھا جا سکے۔