پاکستان میں کورونا کے باعث مزید 100 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے

  • June 16, 2020, 10:37 am
  • COVID-19
  • 119 Views

پاکستان میں کورونا کے باعث مزید 100 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے۔ پچھلے دو روز کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 111 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے ساتھ ہی ملک میں مہلک وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہزار 839 ہو گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ سینٹر نے بتایا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سوموار کے روز ملک بھر میں کورونا کے 4443 کیسز سامنے آئے تھے جبکہ اتوار کے اعداد و شمار کو سامنے رکھ کر جائزہ لیا جائے تو سوموار کو 805 کیسز کم رپورٹ ہوئے، جاری اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ 14 جون کے روز پاکستان میں مثبت کیسز کی تعداد 5248 تھی۔ واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 48 ہزار 921 افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 56 ہزار 390 صحت یاب ہو گئے ہیں۔ پاکستان میں کورونا کے باعث مجموعی اموات کی تعداد 2839 ریکارڈ کی گئی ہے۔