کرونا وائرس کے شکار شیخ رشید احمد کی طبیعت بگڑ گئی

  • June 15, 2020, 11:37 am
  • COVID-19
  • 248 Views

کرونا وائرس کے شکار شیخ رشید کی طبیعت بگڑ گئی، وزیر ریلوے کی طبیعت ہفتے کی شام سے ناساز تھی جس کے بعد انہیں سی ایم ایچ ہسپتال راولپنڈی منتقل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے حوالے سے تشویش ناک خبر موصول ہوئی ہے۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شیخ رشید کو طبیعت بگڑنے پر سی ایم ایچ ہسپتال راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد میں 2 روز قبل کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔ کرونا وائرس کی تشخیص کے بعد وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے خود کو قرنطینہ کر لیا تھا۔ اس دوران وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر باجوہ اور دیگر سیاسی رہنماوں نے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے رابطہ کر کے ان کی خیریت دریافت کی تھی اور ان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی گئی۔
اب بتایا گیا ہے کہ ہفتے کی شام کو شیخ رشید احمد کی طبیعت بگڑ گئی، جس کے بعد انہیں راولپنڈی کینٹ میں واقع سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ سی ایم ایچ حکام کے مطابق شیخ رشید احمد کا علاج کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ اب تک ملک کی تمام ہی بڑی سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے درجنوں سیاستدانوں اور اراکین اسمبلی میں کرونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔ کچھ اراکین اسمبلی کرونا وائرس کے باعث انتقال بھی کر گئے۔ جبکہ اس وقت کئی اراکین اسمبلی و سیاسی شخصیات زیر علاج ہیں۔