کورونا وائرس وبا میں تشویشناک اضافہ ،حکومت سندھ کاعید الاضحی پرسندھ میں مویشی منڈیاں نہ لگانے کا فیصلہ

  • June 15, 2020, 11:34 am
  • COVID-19
  • 195 Views

کورونا وائرس وبا میں تشویشناک اضافے پرحکومت سندھ نے عید الاضحی پرسندھ میں مویشی منڈیاں نہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے اوراس ضمن میں محکمہ بلدیات نے مویشی منڈیوں کے انعقادسے متعلق اپنی سفارشات واپس لے لی ہیں۔ اس سے قبل محکمہ بلدیات نے حفاظتی تدابیرکے تحت سندھ میں عیدالاضحی کی مناسبت سے مویشی منڈیاں لگانے کی سفارش کی تھی اورصوبے کے مختلف شہروں میں مویشی منڈیوں کا انعقاد بھی کیا گیا جہاں حفاظتی تدابیرکی سنگین خلاف ورزیاں سامنے آئیں،اس صورتحال اورکورونا کیسزکی وبامیں تشویشناک حد تک اضافے کے باعث محکمہ بلدیات سندھ نے محکمہ داخلہ کو خط لکھ کرعید الاضحی پرمویشی منڈیوں کے انعقاد کی سفارشات واپس لینے سے آگاہ کردیا ہے۔
سیکریٹری بلدیات روشن علی شیخ کی جانب سے بھجوائے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ محکمہ بلدیات مویشی منڈیوں کے اجازت نامے منسوخ کرنے کی سفارش کرتا ہے،صوبے میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے پیش نظر مویشی منڈیوں کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے،محکمہ داخلہ سے گذارش ہے کہ مویشی منڈیوں کے انعقاد کے لیے جاری کیے گئے ایسے تمام اجازت نامے منسوخ کردئیے جائیں،اس سے قبل محکمہ بلدیات نے سندھ میں مویشی منڈیاں لگانے کی اجازت دی تھی اورحیدرآباد، تلہار بدین، نوابشاہ، دوڑ، نوشہروفیروز،خیرپور،سکھرمیں مویشی منڈیوں کا انعقاد بھی کیا گیا تھا جبکہ کراچی میں مویشی منڈی کے لیے ٹھیکہ دینے کی کارروائی بھی عمل میں لائی گئی تھی۔