سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کورونا وائرس کا شکار ہو گئے

  • June 12, 2020, 3:05 pm
  • COVID-19
  • 120 Views

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور مسلم لیگ ن کے رہنما سردار ایاز صادق بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے۔

مسلم لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بتایا کہ ایاز صادق نے کووڈ 19 کا ٹیسٹ کروایا جس کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد ایاز صادق نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

‎ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ایاز صادق کو فون کر کے ان کی خیریت دریافت کی اور جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

ایاز صادق نے خیریت معلوم کرنے پر چیئرمین سینیٹ کا شکریہ بھی ادا کیا۔

دوسری جانب ایاز صادق کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایاز صادق پارٹی کا قیمتی سرمایہ ہیں، وہ پارٹی کے بااعتماد، نظریاتی اور وفادار ساتھیوں میں شمار ہوتے ہیں۔

شہباز شریف نے دعا کی کہ اللہ تعالی ایاز صادق سمیت کورونا سے متاثرہ تمام افراد کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شرہف سمیت مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، طارق فضل چوہدری اور مریم اورنگزیب کی والدہ کا ٹیسٹ بھی مثبت آ چکا ہے۔