کورونا وائرس کے خلاف پاکستان کی پہلی بڑی کامیابی، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے منظوری دیدی

  • June 12, 2020, 12:41 pm
  • Science & Technology News
  • 190 Views

اکستان میں کورونا وائرس کے کیسز ایک لاکھ 25 ہزار سے تجاوز کر گئے ہیں جبکہ ملک میں ٹیسٹنگ صلاحیت میں بھی قابل تعریف اضافہ کیا گیاہے تاہم اب وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کورونا وائرس کے خلاف پاکستان کو حاصل ہونے والی پہلی کامیابی کی خوشخبری پاکستانیوں کو سنا دی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہناتھا کہ ”ایک اور سنگ میل عبور کر لیا گیا ، ڈراپ نے پاکستان کی پہلی کورونا ٹیسٹنگ کٹ منظور کر لی ، میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور ہمارے ذہین سائنسدانوں کو مبارک باد پیش کرتاہوں ، آپ لوگوں نے ہمارا سر فخر سے بلند کر دیاہے ، یہ نہ صرف کورونا ٹیسٹ کے اخراجات میں کمی لائے گا بلکہ اس سے ہمارے امپورٹ بل بھی بہتر ی آئے گی“۔

یاد رہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 28 ہزار 344 ٹیسٹ کیے گئے جس میں مزید 6 ہزار 397 افراد میں وائرس کی تصدیق کی گئی ہے جو کہ ایک روز میں سامنے آنے والے اب تک کے سب سے زیادہ کیسز ہیں جس کے بعد پاکستان میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 25 ہزار 933 ہو گئی ہے ۔اس کے علاوہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے باعث 107 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جوکہ ایک روز میں ہونے والی سب سے زیادہ اموات ہیں جس کے بعد مجموعی تعداد 2463 پر جا پہنچی ہے ۔تاہم 40ہزار 247 افراد صحت یاب ہونے کے بعد گھروں کو لوٹ گئے ہیں ۔