ڈاکٹر جاوید اکرم نے ’کورونا ہر انسان کو ہو گا‘ جیسی خبروں کی حقیقت بتا دی

  • June 11, 2020, 2:20 pm
  • COVID-19
  • 474 Views

سوشل میڈیا پر کچھ ایسی خبریں گردش کر رہی ہیں جن میں کہا جارہا ہے کہ کورونا ہر انسان کو ہوگا۔کچھ لوگوں کو کورونا ہوگا اور انہیں پتہ بھی نہیں چلے گا اور وہ ٹھیک ہو جائیں گے۔ان باتوں میں کتنی حقیقت ہے۔اسی حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر جاوید اکرم نے کورونا سے پھیلاؤ سے متعلق خبروں کو بائیو ٹیررازم کا نام دے دیا۔
انہوں نے ایسی تمام خبروں کی تردید کر دی کہ کورونا ایسی وبا ہے جو سب کو ہو کر رہے گی۔ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ یہ خبریں کہ کورونا سب کو ہو کر رہے گا غلط ہیں۔انہوں نے کہا کہ معیشت کا پہیہ چلانے کے لئے لوگوں کی زندگیوں کو داؤ پر نہیں لگایا جا سکتا۔ڈاکٹر جاوید اکرم نے پورے ملک میں 15 دن کے لیے کرفیو لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں جو پہلے لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا اس کو لاک ڈاؤن کہنا غلط ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرفیو نافذ کرنے کے لیے پاکستانی افواج کو بھی حصہ لینا پڑے گا۔15 دن کے کرفیو سے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پایا جا سکتا ہے۔علاوہ ازیں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا کی صورتحال خاصی تشویشناک ہے اور ہر گھنٹے چار قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں،لاک ڈائون بیماری نہیں روکتا بلکہ اس کے پھیلاو میں کمی لاتا ہے ،میری ذاتی رائے ہے کہ کورونا کے پھیلائوکو روکنے کے لئے 15 روزہ کرفیو نافذ کیا جائے تاکہ اس وبا ء کا پھیلائوروکا جائے ،خطے میں آئی آئی جی والا طریقہ علاج شروع کر رہے ہیں،یہ وبا ء ہماری زندگی کا کسی نا کسی شکل میں حصہ رہے گی ،ہماری امیدیں اللہ تعالی سے جڑی ہوئی ہیں ،اگر 100 افراد کو ناک یا گلے سے یہ وائرس متاثر کرے تو 30 کو کوئی علامات ظاہر نہیں ہوتیں لیکن وہ آگے وہی وائرس ٹرانسفر کر رہے ہوتے ہیں باقی میں سے کچھ میں کم اور کچھ میں زیادہ علامات ظاہر ہوتی ہیں ،ہم کورونا کا علاج کمرشل بنیادوں پر نہیں بلکہ اللہ تعالی کی خوشنودی کے لئے کر رہے ہیں ۔