عاطف اسلم خانہ کعبہ میں اذان دینے کے خواہشمند

  • June 11, 2020, 2:19 pm
  • Entertainment News
  • 116 Views

معروف گلوکار عاطف اسلم خانہ کعبہ میں اذان دینے کے خواہشمند ہیں۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے دل میں بڑے عرصے سے خانہ کعبہ میں اذان دینے کی خواہش ہے۔اس شخص کے لئے ساری زندگی کام کرنے کو تیار ہوں جو خانہ کعبہ میں اذان دینے کے لئے میری سفارش کر دے۔وبا کے دوران اذان دینے پر عاطف اسلم کا کہنا تھا کہ میں نے سنا تھا کہ نبی کریم ﷺکے دور میں کوئی آفت آتی تھی تو لوگ چھتوں پر چڑھ کر اذان دیتے تھے۔
اسی حوالے سے میرے ذہن میں اذان دینے کا خیال آیا اور میں نے دے دی۔انہوں نے کہا کہ میری زندگی کا ایک بہت اہم حصہ درود پاک کے ساتھ گزرا ہے عاطف اسلم نے مزید کہا کہ دنیا کے ساتھ دین کو بھی رکھنے کی کوشش کر رہا ہوں تاہم ابھی میرا میوزک چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
میوزک کے ساتھ اللہ تعالی کے نام،صفات اور نبی کریم ﷺ کی اہمیت سے بھی نئی نسل کو آگاہ رکھنا چاہتا ہوں۔

بیرون ملک کنسرٹس میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگتے ہیں یا تاجدارحرم پر لوگ کھڑے ہو کر داد دیتے ہیں تو میرے لئے بہت فخر کی بات ہوتی ہے۔عاطف اسلم نے مزید کہا کہ کورونا وبا کے دوران میری زندگی گھر پر گزر رہی ہے اور پچھلے سترہ سال سے مجھے وقفہ نہیں ملا تھا اب مل گیا ہے۔یہ وقفہ میری تخلیقی صلاحیتوں کے لئے بہت اچھا ثابت ہوا ہے۔انتہائی ضرورت کے تحت ماسک پہن کر باہر جاتا ہوں۔
گھر میں آنے سے قبل جوتے گلوز اور ماسک باہر چھوڑ دیتا ہوں۔واضح رہے کہ گلوکارعاطف اسلم کی ’’اسمائے حسنہ‘‘ ویڈیو ویورز کی تعداد دو روز میں 3ملین تک پہنچ گئی ۔ پاکستان کے نامور گلوکار عاطف اسلم نے اس مشکل وقت میں امید اور اظہار یکجہتی کے لیے ’’اسماء الحسنیٰ‘‘ کا خاص تحفہ پیش کیا تھا۔عاطف اسلم نے اللہ تعالیٰ کے 99 ناموں ’’اسماء الحسنیٰ‘‘ کو اپنی خوبصورت آواز میں پڑھ کر سب کو محظوظ کیا۔
عاطف اسلم نے رمضان المبارک کی پہلی طاق رات کے دن ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اپنی خوبصورت آواز میں ’’اسماء الحسنیٰ‘‘ کی ویڈیو ریلیز کی۔ گلوکار کا کہنا تھا کہ جیسے کہ ہم ان اوقات میں انسانیت کے ساتھ کھڑے ہیں، یہ امید اور یکجہتی کا ایک شائستہ اظہار ہے۔عاطف اسلم کی جانب سے ویڈیو شیئر کرنے کے فوراً بعد ہی پاکستان ٹوئٹر کے ٹرینڈنگ پینل پر عاطف اسلم کا نام ٹرینڈ کرنے لگا۔مداحوں نے ان کی خوبصورت آواز میں اللہ کے 99 ناموں ’’اسماء‘ الحسنیٰ‘‘ کو ایک بہترین تحفہ قرار دیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل گلوکار عاطف اسلم نے اپنی سحر انگیز آواز میں اذان پیش کی تھی جب کہ ان کی آواز میں حمد’’وہی خدا ہے‘‘ اور سلام ’’تاجدارِ حرم‘‘ بھی مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا تھا۔