پٹرول کی قلت پر وزیراعظم نے 2 وزراء کو ڈانٹ پلا دی

  • June 10, 2020, 3:32 pm
  • Business News
  • 171 Views

وزیراعظم عمران خان نے پٹرول کی قلت پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وفاقی وزراء نے عمر ایوب اور ندیم بابر پر پٹرولیم مصنوعات کی قلت پیدا ہونے پر سخت تنقید کی۔وزیراعظم نے عمر ایوب اورندیم بابر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایجنڈا ایٹم پر جانے سے پہلے عمر ایوب، ندیم بابر میرے کچھ سوالات کے جوابات دیں؟ بتایا جائے ملک میں پیٹرول کا بحران کیوں پیدا ہوا؟ میں نے ایشیا میں سب سے سستا پیٹرول کیا تھا غائب کس نے کیا؟۔
وفاقی وزیر برائے پٹرولیم عمر ایوب نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی عارضی قلت پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف کاروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ تھا کہ جن آئل کمپنیوں نے پٹرولیم مصنوعات کا سٹاک ختم کیا ان کے لائسنس منسوخ کیے جا رہے ہیں۔
ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے بحران پر وزیراعظم عمران خان سمیت متعدد وزراء نے وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب اور معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر کو آڑے ہاتھوں لیا تو عمر ایوب کابینہ اراکین کے جوابات دیتے ہوئے جذباتی ہوگئے اور کہاکہ جتنا کام اپنی وزارت میں میں نے کیا ہے اتنا کسی نے نہیں کیا اس کے باوجود ہر بار بعض وزراء مجھ پر چڑھائی کردیتے ہیں جو کہ ناانصافی ہے۔

میں کل پارلیمنٹ میں تمام سوالوں کے جواب دے چکا ہوں اس پر بابر اعوان نے کہا کہ پارلیمنٹ میں جو بیان دیا اس میں ایکشن مسنگ تھا ۔ ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس کے دوران ایجنڈا آئٹم نمٹانے سے قبل وزیراعظم عمران خان نے خود ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے بحران کا معاملہ اٹھایا اور کہا کہ ایجنڈے کو بعد میں دیکھتے ہیں پہلے یہ بتائیں کہ ملک میں پٹرول کا بحران کس نے پیدا کیا ایشیا میں سب سے سستا پٹرول ہم نے کیا پھر غائب کس نے کردیا اور یہ بحران کیونکر پیدا ہوا کابینہ اراکین نے اس موقع پر چیئرمین اوگرا کو اجلاس میں طلب کرنے کا مطالبہ کیا جس پر چیئرمین اوگرا اجلاس میں پہنچ گئے ۔