قرنطینہ میں رہنے کے بعد شہریار آفریدی کا کرونا وائرس ٹیسٹ منفی آگیا

  • June 9, 2020, 3:16 pm
  • COVID-19
  • 118 Views

اسلام آباد: چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی کا دوسرا کرونا وائرس ٹیسٹ منفی آگیا، شہریار آفریدی میں 29 مئی کو کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین کشمیر کمیٹی اور سابق وزیر شہریار آفریدی کا کرونا وائرس ٹیسٹ منفی آگیا، ذرائع وزارت قومی صحت کا کہنا ہے کہ شہریار آفریدی بدستور قرنطینہ میں رہیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ 2 روز میں شہریار آفریدی کا دوسرا ٹیسٹ کیا جائے گا، دوسرا ٹیسٹ منفی آنے پر شہریار آفریدی قرنطینہ سے باہر نکل سکیں گے۔

خیال رہے کہ شہریار آفریدی میں 29 مئی کو کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، ان کی اہلیہ اور ان کے گھر کے 2 ملازمین میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

دوسری جانب وفاقی و صوبائی وزار میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ سنگین صورت اختیار کرتا جا رہا ہے، اب تک متعدد وزرا اور صوبائی و قومی اسمبلی اراکین کووڈ 19 سے متاثر ہو چکے ہیں۔

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

مجموعی طور پر پاکستان کرونا کیسز کا گراف مزید بلند ہونے کے بعد کیسز کی تعداد کے لحاظ 213 ممالک میں دنیا کا 15 واں ملک بن چکا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں ریکارڈ 105 اموات ہوئی ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 4 ہزار 646 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 1 لاکھ 8 ہزار 317 ہوچکی ہے۔

اب تک کرونا وائرس سے 2 ہزار 172 اموات ہوچکی ہیں جبکہ 35 ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔