کرونا وائرس: سندھ اسمبلی کا بجٹ اجلاس متاثر ہونے کا خدشہ

  • June 9, 2020, 3:16 pm
  • National News
  • 116 Views

کراچی: صوبہ سندھ کی وزیر صحت عذرا فضل پیچوہو نے سفارش کی ہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر سندھ اسمبلی کے اجلاس میں 55 سال سے زائد ارکان کو نہ آنے دیا جائے، تاہم ایسی صورت میں 40 ارکان اجلاس سے غیر حاضر ہوں گے اور بجٹ اجلاس متاثر ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز نے سندھ اسمبلی کے 55 سال سے زائد کے اراکین کی تفصیل حاصل کرلی، گزشتہ روز وزیر صحت عذرا فضل پیچوہو نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو خط لکھا تھا اور کہا تھا کہ اجلاس میں 55 سال سے زائد ارکان کو نہ آنے دیا جائے۔

تاہم وزیر صحت کے خط پر عمل کی صورت میں وزیر صحت خود بھی اجلاس میں شرکت نہیں کرسکتیں، اسپیکر آغا سراج درانی اور صوبائی وزیر ناصر شاہ بھی ایوان میں نہیں آسکیں گے۔

صوبائی وزیر صحت کے خط پر عمل کی صورت میں پیپلز پارٹی کے 27، ایم کیو ایم کے 6، تحریک انصاف کے 4 اور جی ڈی اے کے 3 ارکان اسمبلی میں نہیں آسکیں گے۔

خط پر عمل ہونے کی صورت میں مجموعی طور پر سندھ اسمبلی کے 40 ارکان اجلاس میں شرکت نہیں کر سکتے، 40 اراکین کی عدم موجودگی سے سندھ اسمبلی کا آنے والا بجٹ اجلاس متاثر ہو سکتا ہے۔

وزیر صحت کے لکھے گبے خط کی سفارش پر عمل کرنا یا نہ کرنا اسپیکر سندھ اسمبلی کا استحقاق ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز صوبائی وزیر صحت عذرا فضل پیچوہو نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو خط لکھا تھا اور کہا تھا کہ کرونا وائرس کے پیش نظر اجلاس میں 55 سال سے زائد ارکان کو نہ آنے دیا جائے۔

ادھر پاکستان کرونا کیسز کا گراف مزید بلند ہونے کے بعد کیسز کی تعداد کے لحاظ 213 ممالک میں دنیا کا 15 واں ملک بن چکا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں ریکارڈ 105 اموات ہوئی ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 4 ہزار 646 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 1 لاکھ 8 ہزار 317 ہوچکی ہے۔

اب تک کرونا وائرس سے 2 ہزار 172 اموات ہوچکی ہیں جبکہ 35 ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔