لاہور میں تعینات 6 ایس ایچ اوز میں کرونا وائرس کی تصدیق

  • June 8, 2020, 4:47 pm
  • COVID-19
  • 116 Views

لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں 6 ایس ایچ اوز میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، کرونا وائرس سے اب تک لاہور پولیس کے 137 اہلکار و افسران متاثر جبکہ 6 اہلکار جاں بحق ہو چکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں تعینات 6 ایس ایچ اوز کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا۔ ایس ایچ او لاری اڈہ، ایس ایچ او غازی آباد، ایس ایچ او باغبان پورہ، ایس ایچ او ڈیفنس، ایس ایچ او مناواں اور ایس ایچ او سرور روڈ میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

کرونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد تمام ایس ایچ اوز اپنے گھروں میں قرنطینہ ہوگئے۔ ڈی آئی جی آپریشنز اور ایس ایس پی آپریشنز پہلے ہی کرونا وائرس میں مبتلا ہیں جبکہ ایس پی سیکیورٹی بلال ظفر اور ڈی ایس پی میاں قدیر بھی کرونا وائرس کی زد میں ہیں۔

اس سے قبل لاہور پولیس کے 6 اہلکار کرونا وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں، کرونا وائرس سے متاثر پولیس اہلکاروں و افسران کی تعداد 137 ہے۔ کرونا وائرس سے متاثرہ 91 اہلکار اور افسران صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی شرح تشویشناک حد تک بڑھ گئی ہے اور 1 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

کرونا وائرس سے اب تک 2 ہزار 67 ہلاکتیں ہوچکی ہیں، ملک کے مختلف شہروں میں اس وقت کرونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 67 ہزار 249 ہے، جبکہ 34 ہزار 355 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔