ملک کے 47 اضلاع میں ٹڈّی دَل کے حملے، بلوچستان سب سے زیادہ متاثر

  • June 7, 2020, 11:55 pm
  • National News
  • 119 Views

لاہور: نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) کے مطابق اس وقت ملک کے 47 اضلاع ٹڈی دَل کے حملوں سے متاثر ہیں اور ان کا تدارک کرنے کے لیے لاکھوں ایکڑ رقبے پر ادویہ کا چھڑکاؤ کیا جاچکا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق ٹڈی دل کے حملوں سے بلوچسستان کے 33، خیبر پختونخواہ 9، پنجاب 3 اور سندھ کے 2 اضلاع متاثر ہوئے ہیں۔

بلوچسستان میں خضدار، آواران، نوشکی، چاغی، گوادر، اتھل، کیچ، پنجگور، خاران، وشوک، کوئٹہ کے علاوہ دیگر اضلاع بھی متاثر ہوئے ہیں۔ اسی طرح کے پی میں ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک،شمالی و جنوبی وزیرستان، لکی مروت، کرک، کرم، پشاور اور خیبر کے اضلاع میں تباہی مچائی ہے۔ پنجاب میں بھکر، ڈیرہ غازی خان اور میانوالی میں ٹڈی دل موجود ہے جبکہ 95 فیصد ٹڈی دَل چولستان کا رُخ کرچکے ہیں۔ این ڈی ایم اے کے مطابق سندھ میں نوشہرو فیروز اور شہید بے نظیر آباد میں ٹڈی دل کے حملے ہوئے ہیں۔

دوسری طرف ٹڈی دل کے متاثرہ علاقوں کا سروے اور کنٹرول آپریشن جاری ہے۔ ایک ہزار 1سو 25 ٹیموں نے لوکہسٹ کنڑول آپریشن میں حصہ لیا۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 3 لاکھ 57 ہزار ہیکٹر رقبے کا سروے کیا گیا ہے۔ 24 گھنٹوں میں 3600 ہیکٹر رقبے میں ٹڈی دل تلف کرنے والی ادویات کا چھڑکاؤ کیا گیا۔


بلوچسستان میں 2400 ہیکٹر، پنجاب میں 200 ہیکٹر اور خیبر پختونخواہ میں 700 ہیکٹر رقبے پر ٹڈیاں تلف کرنے والی ادویہ کا چھڑکاؤ کیا گیا۔ سندھ میں گذشتہ روز 300 ہیکٹر رقبے پر ٹڈّیاں تلف کی گئیں۔ اب تک پورے ملک میں 5 لاکھ 15 ہزار 600 ہیکٹر رقبے پر ادویہ کا چھڑکاؤ کیا جا چکا ہے۔