کراچی کے علاقے لیاری میں 5 منزلہ عمارت گر گئی

  • June 7, 2020, 11:43 pm
  • Breaking News
  • 102 Views

کراچی کے علاقے میں لیاری میں 5 منزلہ عمارت گر گئی ،عمارت کا ایک حصہ زمین پر گرنے سے مکین ملبے نیچے دب گئے، ملبے سے ایک لاش اور 4 زخمی افراد کو نکال لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کھڈا مارکیٹ لیاری میں پانچ منزلہ عمارت گرگئی ہے۔ عمارت کے نیچے متعدد مکینوں کے دب جانے کا خدشہ ہے۔
عمارت گرنے کے فوری بعد ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، پاک فوج، سندھ رینجرز، ریسکیو اور پولیس کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں، ملبے تلے دبے مکینوں کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ عمارت جب گرنے لگی تو ایک طرف جھک گئی تھی۔ جس پر مکینوں کو نکالا جا رہا تھا کہ عمارت کا ایک حصہ گر گیا۔
امدادی ٹیموں نے عمارت کے ملبے سے ایک لاش اور 4 زخمیوں کو نکال لیا ہے۔

ایس ایس پی مقدس حیدر کا کہنا ہے کہ عمارت کے ملبے میں مزید کتنے لوگ دبے ہوئے ہیں حتمی کہنا قبل از وقت ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیا اور کمشنر کراچی کو فوری حادثے کی جگہ پر امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ امدادی کارروائیوں میں کوئی کثر اٹھا نہ رکھی جائے۔ واضح رہے سی بی سی اے کراچی کے اولڈ سٹی میں 285عمارتوں کو مخدوش اور خطرناک قرار دے چکا ہے۔
کراچی میں 5 مارچ 2020کو گولیمار میں 3 عمارتیں منہدم ہوئیں۔گولیمار حادثے میں 10 افراد جاں بحق اور 13زخمی ہوگئے تھے۔16مارچ کو کوثر نیازی میں عمارت جھک گئی تھی۔ لیکن اس عمارت کو فوری خالی کروا لیا گیا تھا۔ اسی طرح گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ عمارت میں دبے ہوئے افراد کو نکالنے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔