پی ایم اے نے لاہور میں کورونا کے35 لاکھ سے زائد مریضوں کا دعویٰ کردیا

  • June 7, 2020, 11:42 pm
  • COVID-19
  • 112 Views

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن پنجاب نے دعویٰ کیا ہے کہ لاہور میں کورونا کے 35 لاکھ سے زیادہ مریض ہیں، جبکہ پنجاب میں کورونا کے 2 کروڑ مریض موجود ہیں، حکومت نے لاک ڈاؤن کھول کرعصر کے وقت روزہ توڑ دیا، 35 ڈاکٹرز شہید ہوچکے، حکومت آنکھوں سے کب پٹی اتارے گی؟ تفصیلات کے مطابق پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن پنجاب کے عہدیداروں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس سے شہادتوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔
تشویشناک بات یہ ہے کہ اب ہستالوں میں فرنٹ پر لڑنے والے ڈاکٹرز، پیرامیڈیکس، نرسز اور ہیلتھ پروفیشنلز وائرس کا زیادہ شکار ہو رہے ہیں۔ ابھی تک فرنٹ لائن پر لڑنے والے35 ڈاکٹرز شہید ہوچکے ہیں۔ جبکہ دو تین مزید ینگ ڈاکٹرز ہسپتالوں میں زندگی موت کی کشمکش میں ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب کے ہسپتالوں میں کورونا کے وارڈز میں ڈیوٹی دینے والے ڈاکٹرز کو ایک ہفتہ ڈیوٹی کے بعد 15 دن کیلئے قرنطینہ میں رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وباء پھیل رہی ہے، جو لوگ سمجھتے تھے کہ کورونا وائرس کچھ نہیں ہے، اب ان کو بھی پتا چل رہا ہے۔ حکومت نے لاک ڈاؤن کھول کرعصر کے وقت روزہ توڑ دیا۔ پتا نہیں حکومت آنکھوں سے کب پٹی اتارے گی؟ انہوں نے کہا کہ اب ہر گھر سے کورونا کا مریض نکل رہا ہے۔ پی ایم اے نے دعویٰ کیا کہ لاہور میں کورونا کے35 لاکھ سے زیادہ مریض ہیں، جبکہ پنجاب کی 12کروڑ آبادی ہے جس میں کورونا کے کم از کم 2 کروڑ تک مریض موجود ہیں۔
ہماری ٹیسٹنگ کی صلاحیت بہت کم ہے جس کے زیادہ مریض رپورٹ نہیں ہو رہے۔ طبی ماہرین نے حکومت کو ایک ماہ پہلے ہی وائرس کے خطرے سے آگاہ کیا جب 22 فروری کو پہلا کیس رپورٹ ہوا تھا۔ لیکن حکومت نے تب کوئی مئوثر اقدام نہیں اٹھایا۔ دوسری جانب ملک میں کورونا سے مزید 34 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 2032 ہوگئی جبکہ مزید 2946 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 101173 تک پہنچ گئی۔ 33465 مریض صحتیاب ہوگئے۔