قومی اسمبلی کے مزید 10 اراکین کورونا وائرس کا شکار ہو گئے

  • June 5, 2020, 1:23 pm
  • COVID-19
  • 98 Views

قومی اسمبلی کے مزید 10 اراکین کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ مجموعی طور پر گزشتہ تین دنوں میں 30 سے زائد ملازمین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ قومی اسمبلی کے ملازمین میں کورونا کی تصدیق کے بعد قومی ادارہ صحت نے رپورٹ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو ارسال کر دی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں سیاسی شخصیات بھی بڑی تعداد میں کورونا کا شکار ہو گئی ہیں۔ گزشتہ ماہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر میں بھی مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔ تا ہم اس حوالے سے اگر تفصیل میں بات کی جائےتو ۔پاکستان میں اب تک کورونا سے متاثرہ ہونے والے سیاستدانوں میں سے بیشر صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ جمعیت علما اسلام کے رکن بلوچستان اسمبلی اور سابق گورنر سید فضل آغا کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے تھے۔
اس کے علاوہ متاثرہونے والوں میں سعید غنی سب سے پہلے سیاستدان ہیں جو کورونا سے متاثر ہوئے تھے، ان کے بعد گورنر سندھ جیسے شخصیات بھی کورونا کا شکار ہو چکی ہیں۔ تمام سیاسی شخصیات نے کورونا سے متاثر ہونے کے بعد خود کو قرنطینہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد وہ تمام صحت یاب ہوتے جا رہے ہیں۔ سیاسی شخصیات کی جانب سے عوام کو اپنی مثال کے ذریعے پیغام دیا جا رہا ہے کہ وہ بھی ان احتیاطی تدابیر کو اپناتے ہوئے اس مہلک وائرس سے بچ سکتے ہیں۔
اس حوالے سے منظرعام پر آنے والی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اب تک 44 اراکین پارلیمنٹ کورونا کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ 5 اراکین عالمی وبا کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق قومی اسمبلی کے دس، سینیٹ کے چار، پنجاب اسمبلی کے پانچ، سندھ اسمبلی کے 12، خیبرپختونخوا اسمبلی کے آٹھ اور بلوچستان اسمبلی کے پانچ اراکین کورونا کا نشانہ بن چکے ہیں۔ پاکستان میں اگر کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد کی بات کی جائے تو ملک بھر میں مریضوں کی تعداد 89,249 ہو گئی ہے جبکہ جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 1838 تک پہنچ گئی ہے۔