شہباز شریف نے گرفتاری سے بچ کر رات کہاں گزاری؟

  • June 3, 2020, 2:53 pm
  • Political News
  • 145 Views

گزشتہ روز نیب پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو گرفتار کرنے میں ناکام ہوگئی۔ نیب اور پنجاب پولیس مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کو گرفتار کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ اس سلسلے میں نیب اور پنجاب پولیس کی ٹیموں نے منگل کے روز لاہور میں ماڈل ٹاون اور جاتی امراء کے علاقوں میں چھاپے مارے، لیکن شہباز شریف کو گرفتار کرنے میں ناکام رہے۔
شہباز شریف آج عدالت کے روبرو پیش ہوں گے۔تاہم یہ سوال ضرور اٹھتا ہے کہ آخر شہباز شریف نے کل رات کہاں پر گزاری۔اسی حوالے سے اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے سینئر صحافی عارف حمید بھٹی کہنا ہے کہ شہباز شریف دو تین سو وکیلوں کے درمیان عدالت میں آئیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ میں یہ بات گارنٹی سے کہہ سکتا ہوں کہ لاہور پولیس کے اہم افسران کو معلوم تھا کہ شہباز شریف نے رات کہاں گزاری۔
کیونکہ وہ شہبازشریف کے بہت قریب ہے۔2008 سے کے کر 2018 تک کئی پولیس افسران نے انہیں فائدہ دیا۔عارف حمید بھٹی نے مزید کہا کہ شہباز شریف کو ہیرو بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔خیال رہے کہ نیب نے منگل کے روز پہلے ماڈل ٹاون کے علاقے میں واقع شہباز شریف کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا، پھر جاتی امراء میں شریف خاندان کی رہائش گاہ پر بھی چھاپہ مارا گیا، تاہم دونوں مقامات پر مسلم لیگ ن کے صدر موجود نہ تھے۔
جس کے بعد نیب اور پولیس کی ٹیموں نے رات گئے لاہور کے دور دراز کے علاقے جلو میں چھاپہ مارا ۔ نیب نے ن لیگ کے ایم پی اے سہیل شوکت بٹ کے گھر پر بھی چھاپہ مارا لیکن گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔ نیب ذرائع کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی جلو کے علاقے میں موجودگی کی اطلاع ملی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب اور پولیس کا جلو کے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
واضح رہے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں انکوائری کیلئے نیب میں مسلسل تیسری بارعدم پیشی پر شہباز شریف کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ شہباز شریف نے منی لانڈرنگ کیس میں نیب میں گرفتاری کے خدشے کے باعث لاہور ہائیکورٹ میں عبوری درخواست ضمانت دائر کی تھی تاہم سابق جج شریف حسین بخاری کے انتقال کے باعث درخواست پر سماعت نہ ہوسکی۔ چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ محمد قاسم علی نے شہبازشریف کی عبوری ضمانت کے لئے درخواست سماعت کیلئے کل بروز بدھ مقرر کی ہے۔