بلوچستان کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس، کورونا کیسز کے بڑھنے پر اظہار تشویش

  • June 3, 2020, 11:14 am
  • COVID-19
  • 214 Views

بلوچستان کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس، کورونا کیسز کے بڑھنے پر اظہار تشویش
کوئٹہ(خ ن)بلوچستان کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے آفسران و اہلکاروں کا ایک اجلاس منگل کو ہوا جس کی صدارت سیکرٹری کھیل و انچارج بی سی او سی عمران گچکی نے کی اجلاس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی ہدایت کی روشنی میں دیئے گئے اہداف کی پیش رفت اور گزشتہ ہفتے کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ صوبے میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں سمیت ہر شخص انفرادی طور پر خود بھی احتیاطی تدابیر پر عمل کرے اور دوسروں کو بھی اس جانب راغب کرے۔اجلاس میں گزشتہ ماہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے دوران کورونا کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔افسران و عملے سے بات چیت کرتے ہوئے انچارج بی سی او سی عمران گچکی نے کہا کہ بی سی او سی اس ہنگامی صورتحال میں فرنٹ لائن کی حیثیت رکھتا ہے اور صوبے بھرکی اس ضمن میں نہ صرف مانیٹرنگ کر رہا ہے بلکہ اس موذی وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کوشاں ہے انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض جانفشانی اور لگن سے ادا کریں انہوں نے چوبیس گھنٹے اس ادارے کو چلانے پر افسران کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ہم سب اس موذی مرض کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں اس میں ہمارے کئی افسران و عملہ خود بھی کورونا وائرس کا شکار ہوا ہے لیکن ہمیں فخر ہے کہ جس طرح میڈیکل کے عملے سمیت دیگر متعلقہ ادارے و لوگ اس کے خلاف جنگ میں شریک ہیں ہمارے افسران و عملہ ان کے شانہ بشانہ ہیں۔ اجلاس میں بی سی او سی کے روزمرہ کی امور اس میں حائل رکاوٹوں کا بھی جائزہ لیا گیا اجلاس میں ڈپٹی سیکرٹری نیشنل کمانڈ و آپریشن سینٹر کے لیے فوکل پرسن خادم حسین،فوکل پرسن برائے اطلاعات ظفر علی ظفر، ڈپٹی سیکرٹری سمیع اللہ ،ڈپٹی سیکرٹری محمد آصف سمیت تمام آفیسران نے شرکت کی۔