سندھ نے جون میں ماہی گیری پر پابندی ختم کردی

  • June 2, 2020, 4:16 pm
  • National News
  • 131 Views

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے طوفانوں اور جاری عالمی وبا کورونا صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ماہ جون 2020 میں ماہی گیری پر پابندی ختم کرکے ماہی گیروں کو ریلیف فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

مراد علی شاہ نے یہ فیصلہ پیپلز پارٹی کے ایم این اے قادر پٹیل سے ملاقات میں کیا جنہوں نے وزیر اعلی ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔

ایم این اے قادر پٹیل نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ ماہی گیر طوفان، تیز جوار اور جاری کورونا وائرس صورتحال کی وجہ سے گزشتہ آٹھ سے دس مہینوں سے بہت زیادہ نقصان اٹھا چکے ہیں اور اب ماہی گیری پر پابندی کے سالانہ دو ماہ ہوچکے ہیں، ایسی صورتحال میں ماہی گیر اپنا گذر بسر نہیں کرسکیں گے۔

واضح رہے کہ حکومت نے ماہی گیری کی افزائش کیلئے دو ماہ جون اور جولائی کی پابندی عائد کی ہے لیکن ماہی گیر گذشتہ کئی مہینوں سے کام پر نہیں جارہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ اس صورتحال سے بخوبی واقف ہیں لہٰذا وہ ماہی گیروں کو ریلیف فراہم کریں گے۔

انہوں نے سکریٹری فشریز کو ہدایت کی کہ وہ ماہ جون میں ماہی گیری پر عائد پابندی کو ختم کرنے کیلئے ایک سمری پیش کریں تاکہ لاک ڈاؤن کو روکنے کے ساتھ ماہی گیر اپنے فشریز کا کام دوبارہ شروع کرسکیں تاکہ وہ اپنے بچوں کیلئے روزی روٹی کا بندوبست کرسکیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ ماہی گیروں کے مفاد کو ترجیحی بنیادوں پر تحفظ فراہم کیا۔

انہوں نے کہا ہم معاشرے کے کسی بھی طبقے کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، میری حکومت ماہی گیروں کو موجودہ بحران سے نکالنے کیلئے ہرممکن مدد کرے گی۔