ملک بھر میں پیٹرول کا بحران سر اٹھانے لگا

  • June 2, 2020, 4:12 pm
  • Business News
  • 103 Views

کراچی : شہر قائد سمیت ملک بھر میں پیٹرول کا بحران سر اٹھانے لگا، نجی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے بیشتر پمپس پر پیٹرول اور ڈیزل ختم ہوگیا، کمپنیز نے اپنے اسٹاک کم ترین سطح پر رکھے ہوئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں حالیہ کمی ہوتے ہی ملک بھر میں پیٹرول کا بحران کھڑا ہوگیا ہے، پرائیویٹ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے بیشتر پمپس پر پیٹرول اور ڈیزل ختم ہوچکا ہے۔ نجی مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی فراہمی شدید متاثر ہوگئی۔

اس حوالے سے ذرارئع کا کہنا ہے کہ ایک نجی آئل مارکیٹنگ کمپنی نے گزشتہ ایک ماہ سے ڈیزل کی سپلائی بند کر رکھی ہے، نجی کمپنیوں نے ڈیلرز کو اوپن مارکیٹ سے پیٹرولیم مصنوعات خریدنے کا کہہ دیا ہے۔

آل پاکستان پیٹرولیم ریٹیلرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ نجی آئل کمپنیز کی جانب آرڈرز کی سپلائی میں تاخیر ہےانہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرول پمپس کو پیٹرول اور ڈیزل کی سپلائی مکمل بحال کی جائے۔

آل پاکستان پیٹرولیم ریٹیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ کیماڑی سے پیٹرول پمپوں کو سپلائی معطل ہوچکی ہے۔ ریٹ کی کمی کی اطلاعات کے باعث تمام کمپنیز نے اپنے اسٹاک کم ترین سطح پر رکھے ہوئے تھے۔

ذرائع کے مطابق صورت حال بہتر ہونے میں ایک سے دو دن لگ سکتے ہیں، آج پلوڈو نامی جہاز60 ہزار ٹن ڈیزل لائے گا اور کل ایک اور جہاز 60 ہزار ٹن پیٹرول لائے گا۔