ریلوے نے مزید 10 مسافر ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کر لیا

  • June 1, 2020, 1:48 pm
  • Business News
  • 144 Views

ریلوے نے مزید 10 مسافر ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس بارے میں بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 10 مزید ٹرینیں چلانے سے مسافر ٹرینوں کی تعداد 40 ہو جائے گی جس سے محکمے پر دباؤ کم ہو گا۔ بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ٹرینوں میں تمام حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں، اسٹیشن کی حدود میں صرف مسافروں کو آنے کی اجازت ہے، اس کے علاوہ شیخ رشید نے یہ بھی عندیہ دیا ہے کہ آنے والے چند دنوں میں وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد مزید ٹرینیں چلائی جائیں گی۔
یاد رہے کہ کچھ دن قبل بھی ریلوے انتظامیہ نے مزید 5 ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ عید سے قبل ٹرین آپریشن کی 31 مئی تک اجازت دی گئی تھی لیکن اب یہ آپریشن اگلے 3 ماہ تک جاری رہے گا۔
تا ہم اب اس آپریشن میں مزید 10 مسافر ٹرینیں چلانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ خیال رہے کہ اس وقت کورونا وائرس نے پاکستان سمیت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے جس کے بعد ہر گزرتے دن کے ساتھ اس کی تباہی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

اس سلسلے میں حکومت نے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کرنے کے ساتھ ساتھ ٹرین سفر کو بھی معطل کر دیا تھا جسے بعد میں عید کے موقع پر کھول دیا گیا تھا۔ عید سے قبل فیصلہ کیا گیا تھا کہ 31 مئی تک 15 مسافر ٹرینیں چلائی جائیں گی لیکن اب اس میں مزید توسیع کر دی گئی ہے جس کے مطابق اب یہ آپریشن اگلے 3 ماہ تک جاری رہے گا اور اس میں چلنے والی ٹرینوں کی تعداد میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ چند دن قبل 5 ٹرینوں کے مزید چلنے کا اعلان کیا گیا تھا، تا ہم اب مزید 10 ٹرینوں کے چلنے کا اعلان کر دیا گیا ہے جس حوالے سے وفاقی وزیر شیخ رشید نے اس بات کی یقین دہانی کروائی ہے کہ ٹرینوں میں تمام حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں، اسٹیشن کی حدود میں صرف مسافروں کو آنے کی اجازت ہے۔