سابق لیگی ایم پی اے کا قاتل بیٹا گرفتار

  • June 1, 2020, 1:47 pm
  • National News
  • 264 Views

سابق ایم پی اے سردار عاطف مزاری کا قاتل بیٹا گرفتار کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے سردار عاطف مزاری کے مفرور قاتل بیٹےباسط مزاری کو گھوٹکی سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹرفرخ علی کے مطابق سابق ایم پی اے کے قتل میں ملوث ملزم بیٹا عبدالباسط مزاری کو محلہ محبوب شاہ سے گرفتار کیا گیا۔
ملزم روجھان میں اپنے والد کے قتل کے بعد خان پور کے علاقے چاچڑاں شریف میں روپوش تھا۔پولیس کو اطلاع ملنے پر کارروائی کی گئی تو ملزم فرار ہوتے ہوئے پکڑا گیا۔ملزم کو پکڑنے کے لیے کی جانے والی کارروائی میں راجن پور، رحیم یار خان اور گھوٹکی پولیس نے حصہ لیا۔مسلم لیگ ن کے ایم پی عاطف مزاری کو 27 مئی کو روجھان میں ان کے گھر میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔
راجن پور میں سابق ایم پی ا ے عاطف مزاری کے قتل کا مقدمہ بیٹے کے خلاف درج کیاگیا۔مدعی ریحان مزاری نے بتایا کہ ملزم بھائی عبدالباسط مزاری کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں، اس سے اچانک گولی چل گئی۔ مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے سابق ایم پی اے عاطف مزاری کے قتل کا مقدمہ تھانا عمرکوٹ میں درج کیا گیا ۔پولیس حکام کے مطابق عاطف مزاری کے بیٹے سے اچانگ گولی چل گئی تھی، عاطف مزاری کو زخمی حالت میں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم دوران علاج وہ دم توڑ گئے تھے۔
خیال رہے کہ عاطف مزاری پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 279 روجھان سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے سابق رکن صوبائی اسمبلی سردار عاطف مزاری کے قتل کے واقعہ پرافسوس کا اظہار کیا تھا۔ وزیر اعلی عثمان بزدارنے سوگوار خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت و ہمدردی کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائی-علاوہ ازیں شہبازشریف نے بھی عاطف مزاری کے اہل خانہ سے رابطہ کیا اور انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔